’مودی حکومت ہندوستان میں 15 کروڑ لوگوں کی بے روزگاری کے لیے ذمہ دار‘

سیتارام یچوری نے کہا کہ مودی حکومت نے غریب اور مزدوروں کا بغیر خیال کیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جس سے ان کے لئے ذریعہ معاش کا بحران پیدا ہوگیا اور ملک میں 15 کروڑ لوگ بے روزگار ہوگئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی -ایم) نے کورونا بحران کے دور میں لوگوں کی دن بدن خراب ہوتی حالت کے لئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کا انعقاد بھی کیا۔ راجدھانی دہلی میں سی پی ایم نے گول مارکٹ کے پاس پارٹی دفتر کے سامنے بھی بارہ بجے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا۔ اس مظاہرے میں پارٹی کے کارکنان نے ماسک لگا کر اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے ہوئے حصہ لیا۔ کارکنان نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور تختیاں لے رکھی تھیں اور وہ نعرے بھی لگا رہے تھے۔

سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کی قیادت میں ہوئے اس مظاہرے میں پارٹی کے کارکنان نے کافی دیر تک اپنا غصہ ظاہر کیا۔ یچوری نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے بغیر سوچے سمجھے اور عوام کو وقت دیئے بغیر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا جس کی وجہ سے یہ وبا اور پھیل گئی کیونکہ حکومت نے اس کے لئے پہلے سے کوئی انتظام نہیں کیے تھے۔


سیتارام یچوری نے کہا کہ مودی حکومت نے غریب اور محروم لوگوں، کسانوں - مزدوروں کا بغیر خیال کیے یہ لاک ڈاؤن لگا دیا جس سے ان کے لئے ذریعہ معاش کا بحران پیدا ہوگیا اور ملک میں 15 کروڑ لوگ بے روزگار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اگلے چھ مہینے تک حکومت ان غریب لوگوں کو ساڑھے 7500 روپے ہر مہینے سیدھے ان کے بینک کھاتے میں ٹرانسفر کریں جو انکم ٹیکس کی حد میں نہیں آتے ہیں۔

سی پی ایم لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ملک کے گوداموں میں 80 کروڑ ٹن اناج سڑ رہے ہیں لیکن حکومت انہیں غریبوں کے درمیان تقسیم نہیں کر رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اگلے چھ ماہ تک غریبوں کو ہر ماہ فی کس دس کلو مفت اناج تقسیم کیا جائے تاکہ وہ بھوکے مرنے سے بچ سکیں۔ انہوں نے منریگا قانون کو شہروں میں بھی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ شہری مزدور بھی جینے کے لئے کچھ کما سکیں۔ یچوری نے منریگا کے تحت ملنے والے روز کی تنخواہ کو بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ریاستوں میں جو کم از کم تنخواہ طے ہے اس کے مطابق انہیں تنخواہ دی جائے۔


سی پی آئی-ایم لیڈر نے منریگا کی مدت 200 دن کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں بھی حکومت اپنی آمدنی بڑھانے کے لئے پروڈکشن ٹیکس میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے اور اس کا اقتصادی بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان کیا گیا اس سے اثر عوام پر ہی پڑے گا اور مہنگائی اور بڑھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔