مودی حکومت بربریت کی حدوں میں ایسٹ انڈیا کمپنی سے بھی آگے جا رہی ہے: پرمود تیواری

پرمود تیواری نے کسان مخالف تینوں زراعتی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کسان کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مطالبے کے مطابق نئے قوانین بنائے تو کانگریس پارٹی بھی حمایت کرے گی۔

پرمود تیواری، تصویر آئی اے این ایس
پرمود تیواری، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

متھرا: سینئر کانگریسی لیڈر پرمود تیواری نے اتوار کے روز کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کسانوں پر بربریت کرنے میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی حدوں کو بھی پار کر رہی ہے۔ کانگریس کی قانون ساز پارٹی کے سابق لیڈر پردیپ ماتھر کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرمود تیواری نے کہا کہ کسانوں کے پرامن احتجاج پر واٹر کینن کا استعمال، کسانوں کا اپنے مطالبات کے لئے سخت سردی میں کھلے آسمان تلے دھرنے پر بیٹھنا اور اس کے بعد بھی تینوں متنازعہ قوانین واپس نہ لینا کسانوں پر بربریت کی انتہا ہے۔

پرمود تیواری نے فوری طور پر کسان مخالف تینوں زراعتی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کسان کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مطالبے کے مطابق نئے قوانین بنائے تو کانگریس پارٹی بھی اس کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ ٹیکہ کاری کی معمول کی سرگرمی کو کارنامہ بنا کر کیوں پیش کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اپنی عادت سے مجبور ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور حتی کہ کووڈ- 19 پر کنٹرول کے اقدامات کو بھی ایونٹ بنا دیا تھا، اور تھالی بجوائی تھی لیکن کچھ نہیں کر سکے۔ 18 دن میں مہابھارت ہوگیا تھا اور وہ 20 دن میں کچھ نہیں کرسکے ۔ کورونا کے معاملے میں انہيں اپنے بجائے کسی سائنسدان سے کہلوانا چاہیے تھا کیونکہ ان کی ساکھ کم ہوگئی ہے۔


کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب روس اور برطانیہ وغیرہ کے اعلی قائدین کو اپنے ملک کے ٹیکے لگوا رہے ہیں تو اپنے ملک کے وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے اراکین دیسی ٹیکے کیوں نہیں لگوا رہے ہیں؟ اس سے ان کے اعتبار میں اضافہ ہوجا تا اور جب وہ ویکسین نہيں لے رہے ہیں تو لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات تو پیدا ہی ہوتے ہیں۔

شری کرشن جنم بھومی کے مسئلے اٹھائے جانے پر انہوں نے کہا کہ ویسے تو اس پر پہلے ہی قانون بن چکا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کورونا وائرس پر کنٹرول کرنے میں حکومت کی ناکامی، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری سے توجہ ہٹانے کے لئے اس طرح کے معاملات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اتر پردیش کانگریس کا چہرہ پرینکا گاندھی ہوں گی اور ان کی قیادت میں الیکشن لڑا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔