مودی حکومت نے لاکھوں بچوں کی ٹیکہ کاری نہ کر کے بہت بڑا گناہ کیا ہے: ملکارجن کھڑگے

کھڑگے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ذریعہ ٹیکہ کاری میں ہندوستان کی مضبوط بنیاد سے حاصل فوائد کو مودی حکومت نے بے شرمی سے برباد کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

گزشتہ سال 16 لاکھ بچوں کو ضروری ٹیکے نہ لگائے جانے کی خبر پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ انھوں نے ’مشن اندردھنش‘ پر بھی سوال کھڑے کر دیے اور کہا کہ 2023 میں 16 لاکھ بچوں کو ٹیکہ نہ پڑنا سنگین گناہ ہے۔ حتیٰ کہ انھوں نے پی ایم کیئر فنڈ پر بھی سوالیہ نشان لگا دیے اور کہا کہ جو میڈیا رپورٹس سامنے آ رہی ہیں وہ حیران کرنے والی ہیں۔

دراصل یونیسیف کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں 2023 کے دوران تقریباً 16 لاکھ بچوں کو ڈپتھیریا، ٹیٹنس اور چیچک جیسے ضروری ٹیکے نہیں دیے گئے۔ اس معاملے میں کانگریس صدر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت نے لاکھوں بچوں کی ٹیکہ کاری نہ کر کے بہت بڑا گناہ کیا ہے۔ ٹیکہ کاری کو نظر انداز کرنے کا مطلب ہے بیش قیمتی زندگی کا نقصان۔ کانگریس پارٹی کے ذریعہ ٹیکہ کاری میں ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھنے کے فوائد کو مودی حکومت نے بے شرمی سے برباد کر دیا ہے۔ 16 لاکھ بچوں کو 2023 میں ڈپتھیریا، ٹیٹنس، پرٹوسس اور خسرہ (چیچک) کے ٹیکے نہیں دیے گئے ہیں۔ یعنی 2022 میں ملنے والی سہولتیں ختم ہو گئی ہیں۔‘‘


اپنے پوسٹ میں کھڑگے نے پی ایم کیئرس فنڈ کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میڈیا رپورٹس کے ذریعہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کووڈ میں یتیم بچوں کے تئیں مایوس کن رویہ اختیار کیا گیا۔ ایسے بچوں کی امداد کے لیے تقریباً 50 فیصد درخواستوں کو پی ایم کیئر فنڈ کے ذریعہ بغیر کوئی وجہ بتائے خارج کر دیا گیا۔‘‘ کھڑگے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’اگر ہمارے بچوں کی دیکھ بھال نہیں کی جائے گی تو ہم ترقی یافتہ ہندوستان بننے کو یقینی کس طرح بنائیں گے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ پی ایم کیئر فنڈ صرف دکھانے کے لیے ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔