انتخابات میں پیسے کا غلط استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر نے کہا، ’’سیاسی جماعتوں کو اپنے انتخابی منشور میں وعدے کرنے کا حق ہے۔ اسی طرح ووٹروں کو بھی پارٹیوں کی طرف سے کی گئی یقین دہانیوں کی تکمیل کے بارے میں جاننے کا مکمل حق ہے‘‘
چنئی: چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ کے روز تمل ناڈو کا دورہ کیا۔ دریں اثنا، انہوں نے چنئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے انتخابی منشور میں وعدے کرنے کا حق ہے۔ اسی طرح ووٹروں کو بھی پارٹیوں کی طرف سے کی گئی یقین دہانیوں کی تکمیل کے بارے میں جاننے کا مکمل حق ہے۔
اس دوران چیف الیکشن کمشنر نے نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے اور نقد رقم اور مفت تقسیم روکنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو میں زیادہ تر سیاسی جماعتوں نے ایک ہی مرحلے میں انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’الیکشن کمیشن بہت سنجیدہ ہے اور تمام ڈسٹرکٹ کلکٹرز اور تمام انفورسمنٹ ایجنسیوں کو کہہ دیا گیا ہے کہ ہم کرپشن فری الیکشن چاہتے ہیں۔ ہم آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ لالچ سے پاک ہمارا مطلب ہے کہ انتخابات میں پیسے کا غلط استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘
بوتھوں کے انتظام پر بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا، ’’ہمارے پاس کچھ بوتھ محکمہ تعمیرات عامہ کے ملازمین، کچھ خواتین اور کچھ نوجوانوں کے زیر انتظام ہوں گے۔ اس کا مقصد انہیں بااختیار بنانا ہے۔ تمام پولنگ سٹیشنوں پر پینے کے پانی، بجلی، بیت الخلاء اور وہیل چیئر جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔‘‘
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی ایک ٹیم لوک سبھا حلقوں کا جائزہ لینے کے لیے تمل ناڈو میں ہے۔ دریں اثنا، کیرالہ اور کرناٹک کے لوک سبھا حلقوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ تمل ناڈو میں کل 39 حلقے ہیں، جبکہ کیرالہ اور کرناٹک میں بالترتیب 20 اور 28 لوک سبھا سیٹیں ہیں۔ راجیو کمار نے کہا کہ ریاست کی خواتین ووٹروں سے اپیل ہے کہ جب وہ ووٹ ڈالنے آئیں تو مرد ووٹروں سے آگے نکل جائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔