تبلیغی جماعت معاملہ: کرغزستان اور انڈونیشیا کے 12-12 جماعتیوں کو معمولی سزا اور جرمانہ
کرغزستان کے 12 جماعتیوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ انوراگ سنگھ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان لوگوں کے ذریعہ جرم قبول کیے جانے پر مختلف دفعات کے تحت عدالت اٹھنے تک سزا اور 6 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
بھوپال: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کی ایک عدالت میں کرغزستان اور انڈونیشیا کے 12-12 جماعتیوں کے کورونا بحران کے دوران لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر معاملات میں اپنے جرم کو قبول کرنے پر قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں پہلی خاتون علاقائی کونسل کی سکریٹری تعینات
گزشتہ روز کرغزستان کے 12 جماعتیوں کو جوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم ایف سی) انوراگ سنگھ کشواہا کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کے اپنا جرم قبول کیے جانے پر مختلف دفعات کے تحت عدالت اٹھنے تک سزا اور چھ ہزار روپے کے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ اسی طرح کل انڈونیشیا کے 12 شہری جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس پشپک پاٹھک کی عدالت میں پیش ہوئے، جنھوں نے اپنا جرم تسلیم کیا۔ اس کے بعد جب تک عدالت نہیں اٹھتی بیٹھنے کا حکم اور انہیں سات اور ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
میڈیا سیل انچارج منوج ترپاٹھی نے بتایا کہ کرغزستان کے 12 جماعتی ٹورسٹ ویزا پر دہلی آئے اور بنگلہ مسجد میں تبلیغی جماعت کی بین الاقوامی کانفرنس میں شامل ہوئے اور بھوپال کے ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ جاری کردہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور21 مارچ سے 06 اپریل تک نظام الدین مسجد پپلانی بھوپال میں مذہبی پروگرام میں فعال طور پر شامل ہوئے تھے۔ اطلاع ملنے پر انہیں گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح انڈونیشیا کے 12 جماعتی ٹورسٹ ویزا پر دہلی آکر بنگلہ مسجد میں غیر ملکی شہریوں کے تبلیغی جماعت کے بین الاقوامی کانفرنس میں شامل ہوئے اور اس کے بعد نو مارچ کو بھوپال میں آکر عیش باغ کی بڑی مسجد باغ فرحت افزا میں موجود رہ کر 31 مارچ تک فعال مذہبی سرگرمیوں میں شامل رہے۔کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا، جہاں انہیں اس کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا۔ اس کے بعد ان کے خلاف معاملہ درج کر کے گرفتار کیا گیا اور چارج شیٹ عدالت میں داخل کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Aug 2020, 3:58 PM