جموں کشمیرمیں فوج کی گاڑی پر دہشت گردوں کا حملہ، دو فوجی شہید، دو مزدور بھی ہلاک
ایل او سی کے قریب بوٹاپتھری گلمرگ کے ناگن پوسٹ علاقے کے قریب فوج کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دراندازی کی کوشش ہو سکتی ہے۔
جموں و کشمیر میں ایل او سی کے قریب دہشت گردانہ حملے کی خبر ہے۔ دہشت گردوں نے فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں دو فوجی شہید ہوئے جبکہ فوج کے لیے کام کرنے والے دو مزدور بھی مارے گئے۔ دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ دہشت گرد تنظیم پی اے ایف ایف نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ جیش محمد کا پراکسی فرنٹ ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ایل او سی کے قریب بوٹاپتھری گلمرگ کے ناگن پوسٹ علاقے کے قریب فوج کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ تاہم فوج کی جانب سے تصدیق کا انتظار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دراندازی کی کوشش ہو سکتی ہے۔
جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے کہا،’ بوٹا پاتھ ری سیکٹر میں گھناؤنے دہشت گردانہ حملے پر اعلیٰ فوجی حکام سے بات کی اور دہشت گردوں کو مارنے کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان کے اہل خانہ سے تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا کہ’ شمالی کشمیر کے بوٹا پاتھری علاقے میں فوج کی گاڑیوں پر حملے کی انتہائی افسوس ناک خبر ہے جس میں کچھ لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ کشمیر میں حالیہ حملوں کا یہ سلسلہ انتہائی تشویشناک ہے۔ میں اس حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں دعاگو ہوں کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی ہو۔‘
وہیں جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے اس حملے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، " فوج کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے سے صدمہ اور گہرا دکھ ہوا ۔ میں اس کی بلاشبہ مذمت کرتی ہوں اور زخمی فوجیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صرف چند گھنٹے قبل جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع میں دہشت گردوں نے ایک مزدور پر گولی چلا دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔