پونے میں پیش آیا افسوسناک حادثہ، پانی کی ٹنکی پھٹنے سے 4 مزدوروں کی موت، 7 دیگر زخمی
ٹنکی کی دیوار کافی کمزور تھی جو پانی کے دباؤ کو برداشت نہیں کر پائی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بلڈر نے ٹنکی کی تعمیر میں گھٹیا مٹیریل کا استعمال کیا تھا۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
مہاراشٹر کے پونے میں پانی کی ٹنکی اچانک پھٹ جانے کی وجہ سے 4 مزدوروں کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔ اس افسوسناک حادثہ میں دیگر 7 مزدور شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور وہاں پر نہا رہے تھے۔ ملی جانکاری کے مطابق اس ٹنکی کی تعمیر صرف 3 روز پہلے ہی ہوئی تھی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پولیس، ایس آر پی ایف اور فائر بریگیڈ کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن کے افسران بھی پہنچ گئے۔
موقع پر موجود ڈی سی پی سوپنّا گورے نے حادثے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’حادثے میں مرنے والے مزدوروں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔ زخمی ہوئے مزدوروں کو بہتر علاج کے لئے فوری طور پر اسپتال بھیجا گیا ہے۔ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے مزدوروں کا نام ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ یہ مزدور کہاں سے آئے تھے؟ لیبر کیمپ کس نے بنوایا؟ لیبر ٹھکیدار کون ہے؟ فی الحال پولیس اس کی جانچ کر رہی ہے۔‘‘
واضح ہو کہ بھوسری کے سدگرو نگر میں موجود لیبر کیمپ میں 1 ہزار سے زیادہ مزدور رہتے ہیں۔ مزدوروں کو صبح سویرے اٹھ کر کام پر جانا ہوتا ہے۔ جمعرات کو صبح تقریباً 6 بجے کچھ مزدور ٹنکی سے پانی لے کر نہا رہے تھے۔ اسی وقت ٹنکی پھٹ گئی اور نہا رہے مزدور اس کے نیچے پھنس گئے۔ اس حادثہ کے بعد وہاں ایک ہنگامہ پیدا ہو گیا۔
مقامی لوگوں نے جانکاری دی کہ ٹنکی کی دیوار کافی کمزور تھی جو پانی کے دباؤ کو برداشت نہیں کر پائی، جس کی وجہ سے دیوار ٹوٹ گئی۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بلڈر نے ٹنکی کی تعمیر میں گھٹیا مٹیریل کا استعمال کیا تھا۔ پولیس نے اس پورے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔