بارہمولہ تصادم: ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں 3 فوجی اور ایک عام شہری زخمی، آپریشن ہنوز جاری

آئی جی کشمیر کے مطابق ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں 3 فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔

سیکورٹی فورس، تصویر آئی اے این ایس
سیکورٹی فورس، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ آئی جی کشمیر کے مطابق ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں 3 فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات اعلیٰ الصبح اس علاقے کو محاصرے میں لے کر ملی ٹنٹ مخالف آپریشن شروع کیا۔


انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی، تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوگئی۔ اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس کے علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دیئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہوسکتے ہیں، تاہم پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین تصادم جاری ہے۔


انہوں نے بتایا کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں تین فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔