لاک ڈاؤن 4.0 کی تیاری شروع، وزارت داخلہ شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دینے میں مصروف

17 مئی کو لاک ڈاؤن 3.0 ختم ہو جائے گا، اس لیے لاک ڈاؤن 4.0 کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ ریاستوں نے مرکزی حکومت کو مشورے بھیج دیئے ہیں اور جلد ہی وزارت داخلہ اس سلسلے میں کوئی ہدایت جاری کر سکتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے تیسرے دور کے خاتمے سے پہلے ہی ملک میں لاک ڈاؤن 4.0 کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ میں جمعہ کو دن بھر میٹنگوں کا دور جاری رہا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ خود تقریباً 5 گھنٹے الگ الگ افسران کے ساتھ صلاح و مشورہ کرتے رہے۔ غور طلب ہے کہ پی ایم مودی نے منگل کو ملک کے نام پیغام میں واضح اشارہ دے دیئے تھے کہ لاک ڈاؤن 4.0 نافذ تو ہوگا لیکن اس کی شکل بالکل مختلف ہوگی۔


سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو تقریباً پانچ گھنٹے تک نارتھ بلاک واقع اپنے دفتر میں داخلہ سکریٹری اجے بھلا اور وزارت کے سینئر افسروں کے ساتھ میٹنگیں کیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے سینئر افسران لاک ڈاؤن 4.0 سے متعلق شرائط و ضوابط کو آخری شکل دینے میں مصروف ہیں۔

اسی دوران مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے ماتحت علاقوں کو خط لکھ کر یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ سڑکوں پر یا ریلوے ٹریک پر مہاجر مزدوروں کی آمد و رفت نہ ہو۔ بھلّا نے ریاستوں کو یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ مہاجر مزدوروں کو خصوصی بسوں یا مزدور اسپیشل ٹرینوں کے ذریعہ سے ان کی ریاستوں کی طرف روانہ کیا جائے۔


جاری کردہ ہدایت میں واضح لفظوں میں وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اگر مہاجر مزدور سڑکوں پر پیدل چلتے پائے جاتے ہیں تو انھیں پاس کے کوارنٹائن سنٹر میں لے جایا جائے اور ان کے کھانے پینے کی ذمہ داری ریاستی حکومتوں کے اوپر ہوگی۔ ریاستوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پھنسے ہوئے مہاجر مزدوروں کی آمد و رفت کا انتظام کریں جو اپنی آبائی ریاستوں میں جانے کے خواہشمند ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 May 2020, 11:11 AM