محبوبہ مفتی نے ستیہ پال ملک کو 10 کروڑ روپے کا ہتک عزتی نوٹس بھیجا
ستیہ پال ملک، جو اس وقت میگھالیہ کے گورنر ہیں، نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں محبوبہ مفتی پر روشنی ایکٹ کے تحت سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
سری نگر: پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مبینہ روشنی ایکٹ سکینڈل معاملے میں ان کا نام لیے جانے پر جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کو دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ ستیہ پال ملک، جو اس وقت میگھالیہ کے گورنر ہیں، نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں محبوبہ مفتی پر روشنی ایکٹ کے تحت سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
محبوبہ مفتی نے 20 اکتوبر کو اپنے ایک ٹویٹ میں مسٹر ملک کے خلاف، اپنا بیان واپس نہ لینے کی صورت میں، قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے اپنے نوٹس میں مسٹر ملک سے کہا ہے کہ وہ 30 دنوں کے اندر بطور معاوضہ 10 کروڑ روپے ادا کرے یا قانونی کارروائی کا سامنا۔ ان کی طرف سے جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی جموں ونگ کے سینیئر وکیل انیل سیٹھی نے ستیہ پال ملک کو نوٹس ارسال کیا ہے۔
سیٹھی نے نوٹس میں کہا ہے کہ ’’محبوبہ مفتی معاوضے کی رقم کو اپنے نہیں بلکہ عوامی بہبود کے لئے استعمال کریں گی۔‘‘ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اگرچہ آپ کے بیان کی وجہ سے میری موکل کی ساکھ اور نیک نامی کو ہونے والے نقصان کی آپ کی جانب سے ادا کی جانے والی رقم سے برپائی نا ممکن ہے، پھر بھی میری موکل نے آپ کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
محبوبہ مفتی نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’’میرے روشنی ایکٹ کا بنفیشری ہونے کے متعلق ستیہ پال ملک کی باتیں سراسر غلط ہیں میری قانونی ٹیم ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ ان (ستیہ پال ملک) کو اختیار ہے کہ وہ اپنے تبصرے کو واپس لیں بصورت دیگر میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی۔‘‘ انھوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ستیہ پال ملک کے بیان کے اس حصے کا ویڈیو بھی اپ لوڈ کیا تھا جس میں وہ ان (محبوبہ مفتی) پر روشنی ایکٹ کے تحت زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔ اس ویڈیو میں ستیہ پال ملک کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا تھا کہ ’’ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے روشنی ایکٹ لایا اور کہا کہ اس کے تحت سرکاری زمین کو فرخت کریں گے اور جو آمدنی ہو گی اس سے بجلی کا نظام سدھاریں گے۔ بجلی کا نظام تو نہیں سدھارا لیکن ڈاکٹر فاروق عبداللہ، ان کے بیٹے اور محبوبہ مفتی کو پلاٹ مل گئے۔‘‘
ستیہ پال ملک ویڈیو میں مزید کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ ’’میں نے جموں کے کمشنر سے کہا کہ جموں میں سرکاری زمین کی سروے کریں انہوں نے کہا کہ یہاں کافی زمین خالی پڑی ہے لیکن آپ کے چلے جانے کے بعد یہ لوگ اس پر قبضہ کریں گے، محبوبہ کے آدمی کو تو دیر ہی نہیں لگتی ہے قبضہ کرنے میں وہ تو بھینس باندھ کے کہتا ہے کہ یہ میری زمین ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔