’پی کے‘ سے ملاقات کے بعد شرد پوار کے گھر اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ کل، 2024 لوک سبھا الیکشن پر نظر!

سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کے فارم ’راشٹر منچ‘ کے بینر تلے 22 جون کی شام چار بجے شرد پوار کے گھر پر میٹنگ بلائی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شرد پوار، تصویر یو این آئی
شرد پوار، تصویر یو این آئی
user

تنویر

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کی زبردست کامیابی کے بعد ’پی کے‘ یعنی پرشانت کشور کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے۔ ان کی ٹیم کے ساتھ ترنمول کانگریس نے 2026 کے لیے نیا کانٹریکٹ بھی سائن کر لیا ہے۔ لیکن سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ پی کے قومی سیاست میں سرگرم ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ اس تعلق سے انھوں نے کوئی اعلان نہیں کیا ہے، لیکن 21 جون کو شرد پوار سے دہلی میں ہوئی ملاقات کے بعد کہا جا رہا ہے کہ انھیں 2024 لوک سبھا انتخابات کو لے کر کوئی بڑی ذمہ داری این سی پی دے سکتی ہے۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ شرد پوار کے گھر پر 22 جون کو اپوزیشن پارٹیوں کی انتہائی اہم میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میٹنگ کے بارے میں کچھ زیادہ جانکاری تو نہیں ملی ہے، لیکن کہا جا رہا ہے کہ 2024 لوک سبھا الیکشن کو لے کر تیاریاں ابھی سے شروع ہو سکتی ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق میٹنگ میں 15 سے 20 بڑے اپوزیشن لیڈران شامل ہو سکتے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا، جو گزشتہ دنوں ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے تھے، انھوں نے ’راشٹر منچ‘ کے نام سے ایک فارم بنا رکھا ہے۔ اسی ’راشٹر منچ‘ کے بینر تلے کل شام چار بجے شرد پوار کے گھر پر میٹنگ بلائی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایسے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ لوک سبھا الیکشن میں ترنمول کانگریس کو اہم کردار دینے پر غور و خوض کیا جا سکتا ہے کیونکہ پی ایم مودی اور بی جے پی کے خلاف جس ہمت کے ساتھ انھوں نے اسمبلی الیکشن کو لڑا اور کامیابی حاصل کی، اس کے بعد کئی سیاسی ماہرین نے انھیں قومی سطح کی سیاست کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ پرشانت کشور کی شرد پوار سے جلدی جلدی ہوئی دو ملاقاتوں سے بھی کچھ ایسا ہی اشارہ مل رہا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 12 جون کو پرشانت کشور اور شرد پوار کے درمیان تقریباً 3 گھنٹے تک میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ کے ایک دن بعد این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر نواب ملک نے کہا تھا کہ 2024 لوک سبھا الیکشن سے قبل بی جے پی کے خلاف کھڑی پارٹیوں کا ’مہا گٹھ بندھن‘ بنانے کی ضرورت ہے۔ این سی پی سربراہ شرد پوار نے بھی بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لیے سبھی پارٹیوں کو متحدہ ہونے اور قومی اتحاد بنانے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے پرشانت کشور سے ملاقات کے بعد یہ بھی کہا کہ ہم بی جے پی مخالف پارٹیوں کو ساتھ لانے کی کوشش کریں گے اور پرشانت کے پاس اعداد و شمار اور دیگر ضروری اطلاعات موجود ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔