پرینکا نے گیہوں خریداری معاملہ پر اٹھائے سوال، وزیر اعلیٰ یوگی کو خط لکھ کر دیئے کچھ اہم مشورے

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ موصولہ خبروں کے مطابق یو پی میں اس سال مجموعی گیہوں پیداوار کا محض 14 فیصد کی سرکاری خرید ہوئی ہے۔

پرینکا گاندھی، تصویر آئی این سی انڈیا
پرینکا گاندھی، تصویر آئی این سی انڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر گیہوں کی خرید بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ یوگی کو لکھے اپنے خط میں کہا ہے کہ موصولہ خبروں کے مطابق یو پی میں اس سال مجموعی گیہوں پیداوار کا محض 14 فیصد حصہ کی سرکاری خرید ہوئی ہے۔ گاؤں میں خریداری مراکز بند ہیں اور کسانوں سے کم گیہوں کی خریداری کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کو کمر توڑ مہنگائی سے راحت دینے کے لیے گیہوں کی خرید بڑھائی جانی چاہیے اور خریداری مراکز پر 15 جولائی تک کسانوں کے گیہوں خرید کی گارنٹی دی جانی چاہیے۔

پرینکا گاندھی نے خط میں لکھا کہ ریاست میں تمام اضلاع سے مجھے لگاتار خبریں مل رہی ہیں کہ گیہوں کی خرید میں کسانوں کو بہت پریشانیاں اٹھانی پڑ رہی ہیں۔ یکم اپریل سے گیہوں کی خرید شروع ہوئی، لیکن کورونا وبا کے سبب خریداری مراکز پر تالا لٹکتا رہا۔ جیسے ہی کسانوں کا گیہوں خریداری مراکز تک پہنچنے لگا اسی وقت خرید کو کم کر کے نصف کر دیا گیا۔


پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ پنجاب اور ہریانہ جیسی ریاستوں میں گیہوں خرید کل پیداوار کا 8 سے 85 فیصد تک ہوتا ہے، جب کہ اتر پردیش میں 378 لاکھ میٹرک ٹن پیدا گیہوں کی مقدار میں 14 فیصد حصے کی سرکاری مراکز پر خرید ہوئی ہے۔ بہت سارے کسان اپنا گیہوں نہیں فروخت کر پائے ہیں۔ اب خرید مراکز پر کسانوں کے گیہوں خرید میں سرکاری فرمانوں کے سبب افسر ٹال مٹول کر رہے ہیں۔

پرینکا گاندھی نے اپنے خط میں یاد دلایا کہ آپ نے کہا تھا کہ ہم آخری کسان تک گیہوں خرید کی سہولت دیں گے، لیکن بہت سارے گاؤں میں خرید مراکز بند ہو گئے ہیں اور کسانوں کو دور منڈیوں میں جانے کے لیے مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وبا اور مہنگائی کے سبب کسانوں کی حالت پہلے سے ہی خراب ہے، ایسے میں ان کی فصل کی خرید نہ ہو پانے یا کم قیمتوں میں گیہوں فروخت کرنے کے لیے مجبور ہونے جیسی حالت کسانوں کی کمر توڑ دے گی۔


خط کے آخر میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے تین اہم مطالبات کیے ہیں، جو اس طرح ہیں:

  • خرید مراکز پر 15 جولائی تک کسانوں کے گیہوں خرید کی گارنٹی دی جائے۔

  • ہر خرید مراکز پر خریداری کی سہولت یقینی کی جائے تاکہ کسانوں کو اپنا اناج فروخت کرنے کے لیے بھٹکنا نہ پڑے۔

  • کئی اضلاع سے اس طرح کی خبریں آ رہی ہیں کہ ایک کسان سے ایک بار میں زیادہ سے زیادہ 30 یا 50 کوئنٹل گیہوں کی خرید کی جا رہی ہے۔ اس سے کسان بہت پریشان ہیں۔ اس پر فوری اثر سے روک لگا کر کسانوں سے زیادہ سے زیادہ خرید کی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔