میرٹھ: ہر گھر میں ’پیریڈ چارٹ‘ لگانے کی تیاری، خواتین کے نام اور ماہواری کی تاریخ ہوگی درج!

قانون کی طالبہ فرح خان کہتی ہیں کہ پیریڈ چارٹ لگانے کی شروعات ہر گھر کے لیے ضروری ہے، ہمیں واقعی ان دنوں میں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تصویر بشکریہ امر اجالا
تصویر بشکریہ امر اجالا
user

قومی آواز بیورو

لڑکیوں اور عورتوں میں پیریڈ (ماہواری) کے دوران ہونے والے مسائل اور اس وقت ان کی خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت کو لے کر ’سیلفی وِتھ ڈاکٹر‘ فاؤنڈیشن نے ایک نئی پیش قدمی کی ہے۔ اس کے تحت ماہواری کا چارٹ ہر گھر کی دیوار پر لگایا جائے گا۔ سیلفی وِتھ ڈاکٹر فاؤنڈیشن کے بانی سنیل جاگلان کہتے ہیں کہ ماہواری کے تعلق سے بیداری کی کمی اور وقت سے پیریڈ نہیں آنا خواتین میں کئی طرح کی بیماریاں لے کر آتا ہے۔ پیریڈ چارٹ میں گھر کی سبھی خاتون اراکین کے نام کے ساتھ ہر مہینے کی ماہواری کی تاریخ لکھی جائے گی۔ اس سے گھر کے مرد اراکین بھی اس تعلق سے بیدار ہو سکیں گے۔

سنیل جاگلان کا کہنا ہے کہ خواتین کو ماہواری کے وقت مختلف مسائل سے نبرد آزما ہونا پڑتا ہے۔ کافی خواتین کو سینیٹری نیپکن بھی نہیں مل پاتے ہیں۔ گاؤں کی خواتین ہوں یا پھر شہر کی، سینیٹری نیپکن منگوانے میں جھجک محسوس کرتی ہیں۔ ماہواری کے وقت خواتین تھکان محسوس کرتی ہیں۔ لگاتار تین چار دن خون نکلنے سے کمزوری ہوتی ہے۔ کئی خواتین کو اس وقت ہاتھوں اور پیروں میں سوجن، پیٹ میں درد، کمر درد، بخار، بھوک نہ لگنا، قبض جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔


اس سلسلے میں قانون کی طالبہ فرح خان کہتی ہیں کہ یہ شروعات ہر گھر کے لیے ضروری ہے۔ ہمیں واقعی ان دنوں میں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میرٹھ جیسے ہمارے علاقے میں جہاں سینیٹر پیڈ کا استعمال بہت کم ہوتا ہے، وہاں سیلفی وِتھ ڈاکٹر فاؤنڈیشن کے پیریڈ چارٹ سے ضرور تبدیلی آئے گی۔

میرٹھ باشندہ بی ایس سی کی طالبہ عالیہ کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ پیریڈ چارٹ میں میری اور میری ممی دونوں کی ماہواری کی تاریخ ہے، ہم چارٹ کے بارے میں بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ عالیہ کہتی ہیں کہ ’’سنیل جاگلان جی کے ذریعہ اس بارے میں بڑی آسانی سے سمجھایا گیا ہے۔ ہمارے بھائیوں نے بھی اس چارٹ کو دیکھا ہے۔‘‘ ایک دیگر طالبہ امانیہ نے کہا کہ سنیل جاگلان کی یہ مہم نیا سماجی انقلاب لے کر آئے گا اور جس طرح ہمارے یعنی بیٹیوں کے نام کی نیم پلیٹ جیسی مہم پورے ملک میں پسند کی گئی، ویسے ہی یہ مہم ملک بھر میں پسند کی جائے گی اور اس سلسلے میں تبادلہ خیال شروع کرے گا۔ میرٹھ میں لاڈو پنچایت، سیلفی اگینسٹ ڈاؤری جیسی مہم کے ذریعہ تقریباً ایک سال سے سنیل جاگلان کام کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔