ایم سی ڈی قائمہ کمیٹی الیکشن: شدید ہنگامہ آرائی اور کشیدگی کے درمیان ایوان کی کارروائی ملتوی

دہلی کی میئر شیلی اوبرائے نے کہا ’’انہوں نے (بی جے پی کونسلرز) ایک مرتبہ پھر ایوان اور آئین کے تقدس کو پامال کر دیا۔ یہ شرمناک ہے۔ ہم پرامن الیکشن کی توقع کر رہے تھے‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات ہونے کے بعد قائمہ کمیٹی کے ارکان کا الیکشن ایک مرتبہ پھر تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ ایم سی ڈی کا میئر انتخاب کئی کوششوں کے بعد بھی تعطل کا شکار تھا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد کل یعنی 22 فروری کو راجدھانی کے لوگوں کو عآپ لیڈر شیلی اوبرائے کے طور پر نیا میئر مل گیا۔ اس کے بعد ڈپٹی میئر عہدے پر بھی عآپ لیڈر آلِ محمد اقبال کو پرامن طریقہ سے منتخب کر لیا گیا، لیکن قائمہ کمیٹی کے انتخاب کے دوران بی جے پی اور عآپ کونسلروں نے زبردست ہنگامہ آرائی کی، جو رات دیر گئے تک جاری رہی۔ آخر کار زبردست ہنگامہ آرائی کے پیش نظر ایوان کی کارروائی جمعہ 10 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

قائمہ کمیٹی کے ارکان کے الیکشن کے دوران بی جے پی کونسلروں نے عآپ کے کونسلروں پر الزام عائد کیا کہ وہ ووٹنگ کے دوران موبائل فون سے تصویر لے رہے ہیں اور یہ عمل اصول کے خلاف ہے۔ اس کے بعد بی جے پی کونسلروں نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی اور نعرے بازی کرنے لگے۔ انہوں نے دہلی کی میئر شیلی اوبرائے کے خلاف نعرے بازی کی۔ دریں اثنا، عآپ آدمی پارٹی کے کونسلروں نے بھی ہنگامہ کیا۔


میئر کے ایوان میں آنے کے فوری بعد ہنگامہ ختم ہو گیا۔ میئر کا کہنا تھا کہ انہوں نے وکلا سے رائے لی ہے اور ووٹنگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کی ممانعت نہیں ہے۔ تاہم موبائل کو سائلنٹ رکھنا ضروری ہے۔ میئر نے کہا کہ لہذا آپ اس مسئلہ پر ہنگامہ نہ کریں۔ اس کے بعد ووٹنگ شروع ہوئی لیکن ایک مرتبہ پھر ہنگامہ شروع ہو گیا۔

بی جے پی کے کونسلروں نے ہنگامہ کرتے ہوئے ویل میں آ کر نعرے بازی کرنا شروع کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹنگ شروع سے کرائی جانی چاہئے۔ کونسلروں نے ہنگامہ کرتے ہوئے بیلٹ پیپر تک پھاڑ دیئے۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی کو ایک گھنٹہ کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔


دہلی کی میئر شیلی اوبرائے نے کہا ’’انہوں نے (بی جے پی کونسلرز) ایک مرتبہ پھر ایوان اور آئین کے تقدس کو پامال کیا ہے۔ یہ شرمناک ہے۔ ہم پرامن الیکشن کی توقع کر رہے تھے۔ ہم کراس ووٹنگ سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ہمیں دہلی کے لوگوں نے مینڈیٹ دیا ہے۔ جب کہ وہ (بی جے پی) الیکشن ہار گئے ہیں اس لئے ڈرے ہوئے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔