مایاوتی بی جے پی کی غیر اعلانیہ ترجمان: کانگریس
کانگریس درج فہرست ذات سیل کے نائب صدر برج لال کھابری نے کہا کہ یوگی حکومت میں دلت سماج پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن بہن مایاوتی کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا ہے۔
لکھنو: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی غیراعلانیہ ترجمان قرار دیتے ہوئے کانگریس کے لیڈروں نے ایک آواز میں کہا کہ اترپردیش میں مسلسل بڑھ رہے دلت استحصال واقعات پر خاموشی اختیار کرکے بی ایس پی سربراہ نے ثابت کردیا ہے کہ ان میں اور بی جے پی میں اندرونی سمجھوتہ ہوگیا ہے۔
کانگریس دفتر میں اتوار کو بلائی گئی پریس کانفرنس میں پارٹی کے سینئر لیڈر پی ایل پونیا نے کہا کہ اترپردیش کی یوگی حکومت میں دلت سماج پر ریاست میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایودھیا میں بال کٹوانے گئے ایک دلت نوجوان کو دھار والے ہتھیار سے گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا وہیں قنوج میں بی جے پی رکن پارلیمان سبرت پاٹھک کی طرف سے تحصیلدار اروند کمار کے گھر میں گھس کر مارپیٹ کی گئی لیکن اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ رام پور میں ایک صفائی ملازم کے ساتھ مارپیٹ کرکے اس کے منہ میں سینیٹائزر ڈال دیا گیا، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ لکھیم پور میں گڑگاوں سے اپنے گاؤں واپس آئے دلت نوجوان کو پولیس اہلکار نے اتنی بے رحمی سے مارا کہ اس نے خودکشی کرلی۔ اعظم گڑھ میں دبنگوں نے دلت مزدور کے قتل کے بعد کنبہ کو لاش دیکر دھمکاتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی کروگے تو وہی حال ہوگا جو اس کا ہوا ہے۔ مین پوری کے گاوں بیر پور کلا میں دبنگوں نے سمر کا پانی پھیلانے کی مخالفت کرنے پر دلتوں کے کنبہ پر جان لیوا حملہ کردیا۔
پونیا نے کہا کہ دلتوں کے استحصال کی فہرست لمبی ہے اور یہ سب سرکاری تحفظ میں ہورہا ہے۔ ہم نے مسلسل یہ سوال اٹھایا ہے اور لڑ رہے ہیں لیکن خود کو دلتوں کا لیڈر ہونے کا دعوی کرنے والی مایاوتی کی خاموشی کیا ثابت کرتی ہے۔ کانگریس درج فہرست ذات سیل کے نائب صدر برج لال کھابری نے کہا کہ یوگی حکومت میں دلت سماج پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن بہن مایاوتی کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا ہے۔ ریاست میں دلتوں۔محرومین کے استحصال پر مایاوتی جی کیوں نہیں بولتی ہیں۔ بہن مایاوتی اور دلت مخالف بی جے پی میں اندرونی سمجھوتہ ہوگیا ہے اور وہ بی جے پی کی غیراعلانیہ ترجمان ہیں۔
اترپردیش کمیٹی کے درج فہرست ذات محکمہ کے چیرمین آلوک پرساد نے کہا کہ پوری ریاست میں ہم خدمت کر رہے ہیں۔ باہر سے واپس آرہے مہاجر مزدوروں کے لئے کانگریس 40مقامات پر اسٹالس لگاکر ناشتہ تقسیم کر رہی ہے۔22 اضلاع میں ہم رسوئی گھر چلا رہے ہیں۔ ہم نے 67لاکھ لوگوں کی مدد کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 May 2020, 6:40 PM