عدالت کے تبصرے کے بعد مودی-شاہ کی جوڑی پر کس طرح انحصار کریں: کانگریس

ابھیشیک منو سنگھوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی-شاہ کی جوڑی ملک کو اس وبا سے بچانے کے لئے اس بات پر یقین کر رہی ہے لیکن یہ دو بڑے لیڈر اپنی ریاست کو سنبھالنے کے ہی قابل نہیں ثابت ہو رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی صوبہ گجرات اور وزیر داخلہ امت شاہ کے پارلیمانی حلقہ احمد آباد میں کورونا کی پوزیشن سب سے بدتر ہے اور اگر اس وبا کے خلاف جنگ چھیڑنے والے ان دونوں بااثر لوگوں کے آبائی علاقے کی یہ صورت حال ہے تو عوام کس طرح ان پر انحصار کریں گے کہ وہ ملک کو اس تباہ کن بیماری سے نجات دلا سکتے ہیں۔


کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی-شاہ کی جوڑی ملک کو اس وبا سے بچانے کے لئے اس بات پر یقین کر رہی ہے لیکن یہ دو بڑے لیڈر اپنی ریاست کو سنبھالنے کے ہی قابل نہیں ثابت ہو رہے ہیں۔ احمد آباد تو شاہ کا پارلیمانی حلقہ ہے لیکن اس اہم پارلیمانی حلقہ میں کورونا سب سے بڑی مصیبت بن گیا ہے۔ اسے لے کر گجرات ہائی کورٹ نے جو تبصرہ کیا ہے وہ بہت چونکانے والا ہے اور انہوں نے عدالت سے اس طرح کی پھٹکار کم ہی سنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات ہائی کورٹ کی بنچ نے ہفتہ کو گجرات حکومت کے احمد آباد میں کورونا کی پوزیشن کو لے کر جو لفظ کہے ہیں وہ ناقابل بیان ہیں اور ان کو سن کر لگتا ہے کہ سچ میں گجرات میں جنگل راج چل رہا ہے۔ سنگھوی نے کہا کہ عدالت نے اپنے 143 صفحے کے حکم میں کہا ہے کہ گجرات کا احمد آباد شہر کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں وینٹی لیٹر، آئی سی یو اور پی پی ای کٹ کی شدید کمی ہے۔


ترجمان نے کہا کہ عدالت نے احمد آباد کے سول اسپتال کو لے کر زیادہ ہی تیکھا تبصرہ کیا اور کہا ہے کہ اس اسپتال کی حالت بہت خراب ہے جبکہ یہ شہر کا اہم اسپتال ہے۔ احمدآباد میں کورونا کے سبب سے جو موت ہو رہی ہیں ان میں 62 فیصد معاملے اسی اسپتال کے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے متاثر لوگ پورے گجرات کے مقابلے میں 85 فیصد اسی شہر میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے تبصرے میں کہا گیا ہے ”کورونا کو لے کر مکمل طور پر غفلت برتی جارہی ہے اور کسی کا کہیں کوئی کنٹرول ہی نظر نہیں آتا ہے۔ وزیر صحت شاید کبھی اس اسپتال میں جھانکنے تک نہیں گئے ہوں گے جس سے سول اسپتال کی حالت تہ خانے سے بھی بدتر ہوگئی ہے“۔


انہوں نے کہا کہ عدالت نے نجی اسپتالوں کو ٹیسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہونے کا بھی نوٹس لیا ہے اور اس پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ سنگھوی نے کہا کہ دہلی سمیت کئی علاقوں میں نجی اسپتالوں تک کو کورونا جانچ کی اجازت ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ گجرات حکومت نے یہ سہولت نہیں دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔