یوگی کو بم سے اڑانے کی دھمکی! ملزم کامران امین ممبئی سے گرفتار
سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس ٹی ایف) وشال وکرم سنگھ نے بتایا کہ ملزم کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر لکھنؤ لایا جا رہا ہے۔ اس سازش میں کسی تنظیم کا ہاتھ ہے کہ نہیں اس سے پوچھ تاچھ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا۔
لکھنؤ: اترپردیش پولیس اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے کو ممبئی سے گرفتار کیا ہے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس ٹی ایف) وشال وکرم سنگھ نے اتوار کو یہاں بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے ملزم کامران امین نامی شخص کو ممبئی کے چونا بھٹی علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں تین دن کی جنگ بندی، ناٹو نے خوش آئند قرار دیا
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی تلاش میں ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم مہاراشٹر گئی تھی۔ کامران امین کو ایس ٹی ایف کی ٹیم نے ممبئی پولیس کی مدد سے دوسرے دن ہی پکڑ لیا۔ وزیر اعلی کو دھمکی بھرا پیغام یوپی 112 کے ہیلپ ڈیسک کے جس واٹس ایپ نمبر پر آیا تھا، وہ نمبر مہاراشٹر کا ہے۔
پولیس کا الزام ہے کہ پیغام میں یوگی کو ’مخصوص طبقے‘ کا دشمن بھی بتایا تھا۔ سنگھ نے بتایا کہ ’’ملزم کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر لکھنؤ لایا جا رہا ہے۔ اس سازش میں کسی تنظیم کا ہاتھ ہے کہ نہیں اس سے پوچھ تاچھ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا۔‘‘
پولیس، ایس ٹی ایف، کرائم برانچ، سرویلانس سمیت کئی ٹیمیں ملزم کی تلاش میں تھیں۔ اس معاملے میں گومتی نگر تھانے میں نامعلوم شخص کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 505(1)/(بی)، 506 اور 507 کے تحت انسپیکٹر دھیرج شکلا کی تحریر پر ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ممبئی کے سودیشی مل کمپاؤنڈ نیو مہاڑا کالونی کے رہنے والے کامران امین مانڈوی ممبئی تین میں رہتا تھا لیکن وہاں کی بلڈنگ کی مرمت کا کام چل رہا ہے۔ اس نے صرف پانچویں تک پڑھائی کی ہے، فیل ہونے کے بعد اسکول نہیں گیا۔ وہ جھاویری بازار میں سیکورٹی گارڈ کی نوکری کرتا تھا۔ اس کا بڑا بھائی عمران امین خان موبائل ریپیرنگ کا کام کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یو پی پولیس کے 112 ہیڈکوارٹر میں گزشتہ 21 مئی کی رات ایک واٹس ایپ میسج آیا تھا۔ یہ میسج ڈائل 112 کی سوشل میڈیا ڈیسک کے واٹس ایپ نمبر 7570000100 پر آیا تھا۔ میسج میں لکھا ہے ’’سی ایم یوگی کو میں بم سے مارنے والا ہوں۔ وہ (ایک مخصوص طبقے کا نام لکھا) کی جان کا دشمن ہے۔‘ ‘اس معاملے میں گومتی نگر تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔