’مایاوتی اور چندرشیکھر بی جے پی کا مقابلہ نہیں کرسکتے‘، پرکاش امبیڈکر کا بیان
ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر اور دستور کے معمار بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر نے اترپردیش اسمبلی انتخاب میں سماجوادی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ممبئی: اترپردیش انتخاب کے پیش نظر ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر اور دستور کے معمار بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر نے اہم فیصلہ لیا ہے۔ پرکاش امبیڈ کر نے اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ سیکولر اور امبیڈکر وادی مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ اترپردیش میں کس جماعت کی حمایت کی جائے۔ اس معاملے پر پارٹی میٹنگ میں غوروخوض کرنے کے بعد اترپردیش اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی آرایس ایس اور بی جے پی کو روک نہیں سکتی ہے اور ناہی چندر شیکھر کی جماعت بی جے پی کا مقابلہ کرسکتی ہے، اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے ونچت بہوجن اگھاڑی نے سماج وادی پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ جس طرح کی سیاسی صورتِ حال ابھرکر سامنے آرہی ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ اترپردیش میں لڑائی بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کے درمیان ہے، اس لئے سیکولر اور امبیڈکر وادیوں طاقتوں سے ہم گزارش کر رہے ہیں کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی حمایت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ اس انتخاب میں اپنا وجود بچانے سے زیادہ ضروری دستور ہند کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات کے بعد دستور ہند خطرے میں پڑجائے گا۔ بی جے پی آر ایس ایس کا ایجنڈہ بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے گئے دستور کو تبدیل کرنا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ دستور ہند کی حفاظت کے لئے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔