یوپی کے لئے کانگریس کے انتخابی منشور کا تیسرا حصہ جاری، کسانوں کا قرض 10 دن میں معاف کرنے کا وعدہ
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کی طرح ہم نے دیگر پارٹیوں کے وعدے انتخابی منشور میں نہیں ڈالے، بلکہ ہم نے لوگوں سے ملے مشوروں کو اس میں شامل کیا ہے۔
لکھنؤ: اتر پردیش میں پرینکا گاندھی کی قیادت میں انتخابی میدان میں مقابلہ کر رہی کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور کا تیسرا حصلہ ’اُنتی ودھان‘ جاری کر دیا ہے۔ انتخابی منشور کے اس حصہ میں تمام طبقات کی ترقی کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے جبکہ سابق دو حصے شکتی ودھان (خواتین پر مبنی) اور بھرتی ودھان (نوجوانوں پر مبنی) کے نام سے جاری کئے گئے ہیں۔
کانگریس کے منشور کا یہ حصہ ریاست میں پہلے مرحلہ کے تحت 10 فروری کو ہونے والی ووٹنگ سے عین قبل جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں سات مراحل میں ووٹنگ ہونی ہے۔ انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہماری حکومت بنے گی تو 10 دن کے اندر کسانوں کا قرض معاف کریں گے۔ دھان اور گیہوں 2500 روپے میں خریدا جائے گا اور گنے کی خرید 400 روپے کونٹل پر کی جائے گی۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہم 20 لاکھ نوکریاں فراہم کریں گے اور خواتین کو ان میں 40 فیصد کا ریزرویشن دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آوارہ جانوروں سے فصل کا نقصان ہوگا تو ہرجانہ کے طور پر کسانوں کو 3-3 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔ گائے کا گوبر 2 روپے فی کلو پر خریدنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ مزدوروں اور ملازمین کے لئے آؤٹ سورسنگ بند کریں گے اور ٹھیکہ پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے گا۔ اسی طرح سنسکرت اور اردو کی خالی جگہوں کو پُر کیا جائے گا۔ جھگی جھوپڑی میں جو شخص جہاں رہ رہا ہے وہاں کی زمین اسی کے نام کر دی جائے گی۔ گاؤں کے پردھان کی تنخواہ میں 6 ہزار روپے مہینے کا اضافہ کیا جائے گا، جبکہ چوکیداروں کی تنخواہ میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔
کورونا سے فوت ہونے والے کورونا واریئرز کو 50 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ اُنتی ودھان میں اس بات کا بھی ذکر ہے کہ تمام شکشا متروں کو مستقل کیا جائے گا۔ ایس سی-ایس ٹی کے طلبا کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ کاریگروں اور بنکروں کے لئے ودھان پریشد میں ایک سیٹ مختص کی جائے گی۔ معذوروں کی پنشن 6 ہزار روپے مہینہ کیا جائے گی اور خاتون پولیس اہلکاروں کو ان کے آبائی اضلاع میں پوسٹنگ دی جائے گی۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کی طرح ہم نے دیگر پارٹیوں کے وعدے انتخابی منشور میں نہیں ڈالے، بلکہ ہم نے لوگوں سے ملے مشوروں کو اس میں شامل کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔