دہلی میں پیر کے روز سے بازاروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ قومی راجدھانی دہلی کے بازاروں کو پیر کے روز سے معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جائے گی
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ قومی راجدھانی دہلی کے بازاروں کو پیر کے روز سے معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی میں تاحال بازاروں کو کووڈ-19 کے سبب رات 8 بجے تک ہی کھلے رکھنے کی اجازت تھی۔ تاہم کووڈ کے معاملوں کی گھٹتی تعداد کے پیش نظر پیر کے روز سے پابندی کو ہٹا دیا جائے گا۔ اب بازار اپنے معمول کے مطابق کھولے جا سکتے ہیں۔‘‘
خیال رہے کہ کورونا وبا کی دوسری لہر کا زور کم ہو جانے کے بعد شہر کو پھر سے کھولے جانے کے باوجود دہلی کے بازاروں کو رات 8 بجے تک ہی کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ چونکہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے دہلی میں کورونا کی صورت حال میں بہتری آئی ہے، لہذا چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) نے مطالبہ کیا تھا کہ مال اور بازاروں کے بند ہونے کے وقت کو رات 8 بجے کے بجائے رات 10 بجے تک بڑھایا جانا چاہئے۔
قبل ازیں، دہلی آفت انتظامی اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کو ارسال کئے گئے خط میں سی ٹی آئی نے کہا تھا کہ رات 8 بجے تک دکانوں کو چلانے کی اجازت بالخصوص تہواری موسم کے دوران، بیشتر خوردہ بازاروں کے لئے ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ وبا کی دوسری لہر کے دوران 19 اپریل سے 30 مئی تک دہلی میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا تھا۔ شہر کو بتدریج کھولنے کے منصوبہ کے تحت 7 جون سے بازاروں کو کھولنے کی اجازت فراہم کر دی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔