ہریانہ کی بی جے پی حکومت نے ’رام رحیم‘ کو چپکے سے دے دی 1 دن کی پیرول!
منوہر لال کھٹر حکومت نے 24 اکتوبر کو متنازعہ ڈیرا سچا سودا سربراہ گرمیت رام رحیم کو ایک دن کی پیرول دی تھی، جو اپنی دو مریدوں کے ساتھ عصمت دری معاملہ میں 20 سال کی جیل کی سزا کاٹ رہا ہے۔
ہریانہ میں بی جے پی کی منوہر لال کھٹر حکومت نے 24 اکتوبر کو متنازعہ ڈیرا سچا سودا سربراہ گرمیت رام رحیم کو ایک دن کی پیرول دی تھی جس کی خبر اب سامنے آ رہی ہے۔ رام رحیم اپنی دو مریدوں کے ساتھ عصمت دری کرنے کے معاملے میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے اور اسے عدالت کے ذریعہ کئی بار ضمانت دینے سے منع کیا جا چکا ہے۔ خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس نے ذرائع کے حوالے سے یہ بتایا ہے کہ رام رحیم کو اس کی بیوی ہرجیت کور کی عرضی پر پیرول دی گئی تھی کیونکہ دل کی بیماری سے نبرد آزما رہی اس کی 85 سالہ ماں نصیب کور سنگین طور پر بیمار تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ہندوستان میں ایک بار پھر 50 ہزار سے زائد کورونا کے کیسز
بتایا جاتا ہے کہ پیرول ملنے کے بعد ڈیرا سربراہ نے گروگرام اسپتال میں داخل اپنی ماں سے ملاقات کی تھی۔ افسران نے ہفتہ کے روز اس بات کی تصدیق کی۔ پولس کے ایک افسر نے کہا کہ اسے گروگرام کے اسپتال میں سخت سیکورٹی کے درمیان لے جایا گیا جہاں وہ دن میں رکا تھا اور شام کو پھر اسے جیل لے آیا گیا۔
52 سالہ رام رحیم اس وقت ریاست کی راجدھانی چنڈی گڑھ سے 250 کلو میٹر دور روہتک میں سخت سیکورٹی والی سناریا جیل میں بند ہے۔ ان کی ضمانت عرضی کئی بار عدالتوں کے ذریعہ خارج کر دی گئی ہے۔ 24 اپریل کو اپنی بیمار ماں سے ملنے کے لیے اس کا تین ہفتہ کا پیرول دو وجوہات سے خارج کر دیا گیا تھا۔ پہلی وجہ تھی کہ پیرول اس کی رہائی اور سرینڈر کے وقت ریاست میں قانون اور نظام کے مسائل پیدا کر سکتا تھا۔ دوسری وجہ یہ رہی کہ اس کی ماں کی جانچ کرنے والے ڈاکٹروں کے پینل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ وہ دل کی بیماری سے متاثر تھی لیکن سنگین حالت میں نہیں تھی۔ جون 2019 میں رام رحیم نے پیرول کی عرضی واپس لے لی تھی جب بی جے پی اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ اس کی حمایت کرنے کے الزامات پر فکرمند تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔