منیش سسودیا کی ضمانت پر سماعت ملتوی، سپریم کورٹ کے جج نے خود کو معاملہ سے کیا علیحدہ
دہلی شراب پالیسی معاملے میں گرفتار سسودیا کی عرضی پر سماعت کرنے والے جج نے خود کو معاملہ سے علیحدہ کر لیا، جس کے بعد ان کی ضمانت کی عرضی پر سماعت ملتوی کر دی گئی
نئی دہلی: سپریم کورٹ میں جمعرات (11 جولائی) کو سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر سماعت ملتوی کر دی گئی، ایسا اس لئے کیا گیا کیونکہ دہلی شراب پالیسی معاملے میں گرفتار سسودیا کی عرضی پر سماعت کرنے والے جج نے خود کو معاملہ سے علیحدہ کر لیا۔ وہ تقریباً 16 ماہ سے جیل میں ہے اور کئی بار ضمانت کی درخواست پیش کر چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ کے جج جسٹس سنجے کمار نے منیش سسودیا کی درخواست ضمانت کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی کے خلاف منی لانڈرنگ اور شراب پالیسی معاملے سے متعلق بدعنوانی کے معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سسودیا نے اس معاملے میں ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ جسٹس سنجیو کھنہ، سنجے کرول اور سنجے کمار نے اس کیس کی سماعت کرنی تھی، لیکن کمار نے خود کو اس سے الگ کر لیا۔
عدالت عظمیٰ کی بنچ نے کہا کہ منیش سسودیا کی درخواست کی سماعت ایک اور بنچ کرے گی، جس میں جسٹس سنجے کمار حصہ نہیں ہوں گے۔ جیسے ہی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس کھنہ نے کہا کہ ہمارے بھائی کو کچھ مسئلہ ہے، وہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے کیس نہیں سننا چاہتے۔ اس پر عام آدمی پارٹی کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے بنچ سے اس معاملے کی فوری سماعت کرنے کی درخواست کی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) دونوں نے شراب پالیسی معاملے میں منیش سسودیا کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کا حوالہ دیتے ہوئے سنگھوی نے کہا کہ دونوں معاملوں میں ابھی تک ٹرائل شروع نہیں ہوا ہے۔ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ دوسری بنچ 15 جولائی کو ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ اس طرح منیش سسودیا کی درخواست ضمانت پر پیر (15 جولائی) کو سماعت ہونے جا رہی ہے۔
عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینئر لیڈر منیش سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری 2023 کو دہلی شراب پالیسی کیس میں ان کے مبینہ کردار کے لیے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد شراب پالیسی کیس کی تحقیقات کرنے والی ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں منیش سسودیا کو 9 مارچ 2023 کو گرفتار کیا۔ سی بی آئی کی گرفتاری کے صرف دو دن بعد یعنی 28 فروری 2023 کو سسودیا نے دہلی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔