ملکارجن کھڑگے و راہل گاندھی کا مشہور قانون دان فالی ایس نریمن کے انتقال پر اظہار تعزیت

کھڑگے نے کہا کہ ممتاز قانون دان، سینئر وکیل اور شہری آزادیوں کے پرجوش حامی فالی ایس نریمن کا انتقال قانونی نظام کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فالی ایس نریمن / Getty Images</p></div>

فالی ایس نریمن / Getty Images

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے ممتاز قانون دان اور سپریم کورٹ کے مشہور وکیل فالی ایس نریمن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ایک عظیم قانون داں سے محروم ہو گیا ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے کہا، ’’ممتاز قانون دان، سینئر وکیل اور شہری آزادی کے پرجوش حامی فالی ایس نریمن کا انتقال قانونی نظام کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ اصولوں سے کسی طرح کا سمجھوتہ کئے بغیر وہ پوری زندگی وابستگی اور عزم کے ساتھ کام کرتے رہے۔ پدم وبھوشن نریمن کے خاندان کے ارکان اور دوستوں کے تئیں میری گہری تعزیت۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو سکون ملے۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا ’’فالی ایس نریمن کے خاندان اور دوستوں کے تئیں میری دلی تعزیت ہے۔ ان کے انتقال سے قانونی برادری میں ایک گہرا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف بہت سے تاریخی اور اہم مقدمات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ہمارے آئین کے تقدس کو بھی برقرار رکھا اور شہری آزادی کو برقرار رکھنے کے لئے قانون دانوں کی نئی نسلوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ انصاف اور غیر جانبداری کے تئیں ان کا عزم ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔‘‘


کانگریس کے ترجمان اور مشہور وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے ان کے انتقال کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا اور کہا کہ ’’ایک دور کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ فالی نریمن اب ہمارے درمیان نہیں رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ عظیم قانون دان فالی ایس نریمن کا 95 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ کئی دنوں سے بیمار تھے۔ انہوں نے 1950 میں بمبئی ہائی کورٹ سے قانون کی پریکٹس شروع کی۔ 1961 میں انہیں سینئر ایڈووکیٹ نامزد کیا گیا۔ انہوں نے 70 سال تک قانون پر عمل کیا۔ انہوں نے 1972 میں سپریم کورٹ میں قانون کی پریکٹس شروع کی۔ اس کے بعد انہیں ہندوستان کا ایڈیشنل سالیسٹر جنرل مقرر کیا گیا۔ نریمن کو ان کے شاندار کام کے لیے 1991 میں پدم بھوشن اور 2007 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔