معروف ریڈیو میزبان امین سیانی کا 91 برس کی عمر میں انتقال
معروف ریڈیو میزبان امین سیانی کا 91 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ امین سیانی کے بیٹے راجل سیانی نے اُن کے انتقال کی تصدیق کی ہے
ممبئی: ریڈیو کے مشہور اناؤنسر اور ٹاک شو کے میزبان امین سیانی کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق امین سیانی کل یعنی منگل کی شام ممبئی میں آخری سانس لی۔ ان کی عمر 91 برس تھی۔ امین سیانی کے بیٹے راجل سیانی نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ امین سیانی کے انتقال کی خبر سے ان کے مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مرحوم امین سیانی کے بیٹے نے میڈیا کو بتایا کہ امین سیانی کو منگل کی شام 6.00 بجے جنوبی ممبئی میں ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر جنوبی ممبئی میں واقع ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا مگر کچھ دیر بعد ہی انہیں مردہ قرار دے دیا۔
امین سیانی کو ہائی بلڈ پریشر اور عمر سے متعلق دیگر امراض لاحق تھے اور وہ پچھلے 12 سال سے کمر درد میں بھی مبتلا تھے اور اسی وجہ سے انہیں واکر کا استعمال کرنا پڑتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق امین سیانی کی آخری رسومات کل یعنی 22 فروری کو ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔
امین سیانی 21 دسمبر 1932 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ امین سیانی نے ریڈیو کی دنیا میں بڑا نام کمایا۔ ان کی آواز کا جادو لوگوں کے دلوں میں گھر کر گیا۔ امین سیانی نے اپنے کیریئر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو، ممبئی سے بطور ریڈیو پریزنٹر کیا۔ یہاں ان کے بھائی حامد سیانی نے ان کا تعارف کرایا تھا۔ انہوں نے یہاں 10 سال تک انگریزی پروگراموں میں حصہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے آل انڈیا ریڈیو کو ہندوستان میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
امین سیانی کے ریڈیو سیلون اور پھر وِوِدھ بھارتی پر تقریباً 42 سال تک جاری رہنے والے ہندی گانوں کے پروگرام 'بناکا گیت مالا' نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دئے تھے اور لوگ ہر ہفتے انھیں سننے کے لیے بے تاب رہتے تھے۔ 'گیت مالا' کے ساتھ امین ہندوستان کے پہلے ریڈیو میزبان تھے، جنہوں نے ابھرتے ہوئے موسیقی کے منظر نامے کے بارے میں اپنی گہری سمجھ بوجھ کو ظاہر کرتے ہوئے ایک مکمل شو تیار کیا اور پیش کیا۔
امین سیانی کے نام پر 54000 سے زیادہ ریڈیو پروگرام تیار کرنے، موازنہ کرنے اور وائس اوور کرنے کا ریکارڈ ہے۔ تقریباً 19000 جِنگلز کو آواز فراہم کرنے پر امین سیانی کا نام لمکا بک آف ریکارڈز میں بھی درج ہے۔ انہوں نے بھوت بنگلہ، تین دیویاں، قتل جیسی فلموں میں بطور اناؤنسر بھی کام کیا۔ ان کا ستاروں پر مبنی ریڈیو شو 'ایس کمارز کا فلمی مقدمہ ' بھی کافی مقبول ثابت ہوا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔