مین پوری ضمنی الیکشن: بی جے پی کے ایجنٹ بانٹ رہے ہیں پیسے، ایس پی نے ویڈیو شیئر کرکے لگائے سنگین الزامات
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا جا رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یوپی کے مین پوری کی بھوگاؤں اسمبلی میں بی جے پی ایجنٹ کے ذریعے پیسے تقسیم کر رہی ہے۔ ایس پی نے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اتر پردیش میں مین پوری لوک سبھا سیٹ اور رام پور اور کھتولی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ ووٹنگ شام 6 بجے تک ہوگی۔ ضمنی انتخابات کے نتائج 8 دسمبر کو آئیں گے۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کی طرف سے لگاتار پولیس انتظامیہ پر کئی سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ اب یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ بی جے پی ووٹ کے بدلے نوٹوں کا استعمال کر رہی ہے۔
سماج وادی پارٹی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو بھی ٹوئٹ کیا ہے۔ جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یوپی کے مین پوری کی بھوگاؤں اسمبلی سیٹ پر بی جے پی ایجنٹ کے ذریعے پیسے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ایس پی نے ٹوئٹ کیا، بھوگاؤں ودھان سبھا کے محلہ پاتھریا میں بوتھ نمبر 250 پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایجنٹ کے ذریعے پیسے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے معاملے کا نوٹس لینے اور فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وائرل ہو رہے اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نوٹ نکال کر وہاں موجود لوگوں کو دے رہا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ جس جگہ پیسہ تقسیم کیا جا رہا ہے، اس کے بالکل پیچھے بی جے پی کا جھنڈا بھی لگا ہوا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ مین پوری لوک سبھا سیٹ پر کل 1746895 ووٹر ووٹ ڈالیں گے۔ رامپور اسمبلی سیٹ پر 388994 ووٹر ہیں، جب کہ 10 امیدوار میدان میں ہیں۔ اور جبکہ کھتولی میں 3.16 لاکھ ووٹر ووٹ ڈالیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔