مہاراشٹر میں وسط مدتی انتخاب ہوئے تو ہم 100 نشستیں جیتیں گے: سنجے راؤت
شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ شیوسینا کو مکمل بھروسہ ہے کہ اگر وسط مدتی انتخاب ہوگا تو ہم 100 نشستیں جیتیں گے، 200 نشستیں جیتنے کی بات یہ (ایکناتھ خیمہ) نہیں دہلی (بی جے پی) والے کر رہے ہیں۔
مہاراشٹر حکومت کو لے کر شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شیوسینا کو مکمل بھروسہ ہے کہ اگر وسط مدتی انتخاب ہوگا تو ہم 100 نشستیں جیتیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 200 نشستیں جیتنے کی بات یہ (ایکناتھ شندے خیمہ) نہیں بلکہ دہلی (بی جے پی) والے کر رہے ہیں۔ ہم وسط مدتی انتخاب کے لیے تیار ہیں، کیا وہ تیار ہیں؟ اگر ابھی انتخاب ہوتا ہے تو ہم 100 سے زیادہ نشستیں جیتیں گے۔
اس درمیان حقیقی شیوسینا کو لے کر جاری سیاسی جنگ کے تعلق سے سنجے راؤت نے کہا کہ اصلی شیوسینا ہم ہی ہیں۔ شیوسینا بالا ٹھاکرے کی ہے، کسی اور کی نہیں ہو سکتی۔ آپ اسے پیسے کے ذریعہ ہائی جیک نہیں کر سکتے۔ سنجے راؤت نے اس موقع پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے اس بیان کا بھی تذکرہ کیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اراکین اسمبلی کو صرف پیسہ ہی نہیں بلکہ کچھ اور بھی دیا۔ سنجے راؤت کہتے ہیں کہ جب اس ’کچھ‘ کا انکشاف ہوگا تو بڑی ہلچل مچے گی۔
باغی اراکین اسمبلی کو لے کر سنجے راؤت نے کہا کہ اب بھی ہمیں امید ہے کہ جو اراکین اسمبلی باغی ہوئے ہیں وہ گھر لوٹیں گے، کیونکہ وہ ہمارے ہی ہیں۔ اگر کسی کو گمراہ کر، پھنسا کر لے کر گئے ہیں تو ہمیں اب بھی امید ہے کہ وہ واپس آئیں گے۔ وہ بھی ہمارے ہی لوگ ہیں۔ صبح کا بھولا شام کو لوٹ آئے تو اسے بھولا نہیں کہتے۔ یہ جو بھولے بکھرے لوگ ہیں، وہ آئیں گے۔
ایکناتھ شندے خیمہ کے ذریعہ شیوسینا لیڈروں کو نااہل قرار دیئے جانے کا نوٹس بھیجے جانے پر سنجے راؤت نے کہا کہ انھیں (نوٹس) بھیجنے دیجیے، یہ ایک عمل ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے جی کو چھوڑ کر باقی کو دیا گیا ہے، یہ مجھے نہیں پتہ۔ جن 14 اراکین اسمبلی کو نوٹس بھیجا گیا ہے وہ بھی بالا صاحب ٹھاکرے کے چیلے اور شیوسینک ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔