مہاراشٹر: احمد نگر کے سرکاری اسپتال میں لگی زبردست آگ، 10 مریض ہلاک
احمد نگر سول اسپتال کے آئی سی یو میں ہفتہ کے روز زبردست آگ لگ گئی جس میں کم از کم 10 مریضوں کی جھلس کر موت ہو گئی، اس واقعہ میں 6 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
احمد نگر سول اسپتال کے آئی سی یو میں ہفتہ کے روز زبردست آگ لگ گئی۔ اس اندوہناک حادثہ میں کم از کم 10 مریضوں کی موت ہو گئی ہے اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آگ پر قابو پانے اور مریضوں کو آگ والی جگہ سے نکالنے کی کوشش کے ساتھ آس پاس کے دیگر وارڈوں میں پھیل رہی آگ پر قابو پانے کے لیے دمکل کی چار گاڑیاں بھیجی گئی ہیں۔
احمد نگر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور بچاؤ ٹیم کی مدد سے اسپتال کے افسران نے احتیاط کے طور پر کئی مریضوں کو قریبی وارڈوں سے منتقل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ حادثہ کے وقت آئی سی یو میں کم از کم 20 مریضوں کا علاج چل رہا تھا۔ آگ لگنے کی خبر ملنے پر مریضوں کے اہل خانہ ان کا حال جاننے کے لیے بڑی تعداد میں اسپتال پہنچ رہے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دوپہر ایک بجے تک آس پاس پھیلی آگ پر قابو پا لیا گیا، لیکن عینی شاہدین نے کہا کہ آگ نے پورے آئی سی یو کو ملبے میں تبدیل کر دیا ہے اور مہلوکین کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ پولیس، ضلع نتظامیہ اور دمکل محکمہ کے سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور بچاؤ و راحت کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ کا فی الحال کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس سلسلے میں جانچ ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔