مہاراشٹر: ’اراکین اسمبلی کی نااہلیت معاملہ پر 10 جنوری تک فیصلہ سنائیں‘، سپریم کورٹ کی اسپیکر کو ہدایت
عدالت عظمیٰ نے مہاراشٹر کے اسپیکر سے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ وہ شیوسینا اراکین اسمبلی کی نااہلیت معاملے پر 10 جنوری تک فیصلہ سنائیں۔
مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے گروپ کے شیوسینا اراکین اسمبلی کی نااہلیت سے متعلق عرضی پر فیصلہ کے لیے مزید کچھ وقت دے دیا ہے، لیکن یہ اضافہ صرف 10 دنوں کا ہے۔ یعنی پہلے جو سپریم کورٹ نے مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر کو 31 دسمبر تک کا وقت دیا تھا، اب اسے بڑھا کر 10 جنوری تک کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 17 اکتوبر کو نارویکر کو شیوسینا پارٹی میں تقسیم کے بعد ایک دوسرے کے اراکین اسمبلی کو نااہل ٹھہرانے کا مطالبہ کرنے والی شیوسینا گروپوں کے ذریعہ داخل عرضیوں پر فیصلہ لینے کے لیے وقت دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ نااہلیت کی عرضیوں پر جلد از جلد فیصلہ آنا چاہیے، جس کے بعد سماعت 30 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔ پھر 30 اکتوبر کو سماعت ہوئی اور اس میں اراکین اسمبلی کی نااہلیت پر فیصلہ لینے کے لیے مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر کو 31 دسمبر تک کا وقت دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے اس سے قبل وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ان کے حامی اراکین اسمبلی کو نااہل ٹھہرانے کے لیے ادھو ٹھاکرے گروپ کے ذریعہ داخل عرضیوں پر فیصلہ کرنے میں تاخیر پر اسمبلی اسپیکر کو سخت پھٹکار لگائی تھی اور کہا تھا کہ اسپیکر عدالت عظمیٰ کے احکامات کو خارج نہیں کر سکتے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اسمبلی اسپیکر کو سپریم کورٹ کے وقار کا احترام کرنا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔