مہاراشٹر: پالگھر میں سگنل ٹھیک کر رہے تھے 3 ریلوے ملازمین، لوکل ٹرین نے کچل دیا، سبھی کی موت
ایک افسر نے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت چیف سگنل انسپکٹر (بھایندر) واسو مترا، الیکٹریکل سگنل مینٹینر (وسئی روڈ) سومناتھ اتم لامبوترے اور ہیلپر سچن وانکھڑے کی شکل میں ہوئی ہے۔
مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں وسئی کے پاس ایک لوکل ٹرین کی زد میں آنے سے تین ریلوے اہلکاروں کی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں مغربی ریلوے کے ملازمین تھے جو سگنل سے متعلق خرابی کو ٹھیک کر رہے تھے کہ اچانک لوکل ٹرین کی زد میں آ گئے۔ جی آر پی (گورنمنٹ ریلوے پولیس) کے ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ پیر کی شب 8.55 بجے وسئی روڈ اور نیگاؤں کے درمیان پیش آیا۔ لوکل ٹرین چرچ گیٹ کی طرف جا رہی تھی، اسی دوران تینوں ریلوے ملازمین ٹرین کی زد میں آ گئے۔
جی آر پی افسر کا کہنا ہے کہ مہلوکین کی شناخت چیف سگنل انسپکٹر (بھایندر) واسو مترا، الیکٹریکل سگنل مینٹینر (وسئی روڈ) سومناتھ اتم لامبوترے اور ہیلپر سچن وانکھڑے کی شکل میں ہوئی ہے۔ یہ سبھی ملازمین مغربی ریلوے کے ممبئی ڈویژن کے سگنل ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھتے تھے۔ افسر نے یہ بھی بتایا کہ ملازمین کچھ سگنل پوائنٹس کو ٹھیک کرنے گئے تھے جو پیر کی شام کو ہی خراب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : میانمار کا فوجی طیارہ میزورم میں حادثہ کا شکار، 6 افراد زخمی
موصولہ اطلاع کے مطابق مغربی ریلوے نے اس حادثہ کی جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ ایک افسر کا کہنا ہے کہ ریلوے افسران نے تینوں مہلوکین کے کنبہ کو فوری راحت کے طور پر 55-55 ہزار کی امدادی رقم دی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ مزید معاوضے کی رقم کا اعلان جلد ہی کیا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔