آئی سی سی نے جاری کی 2023 کی ’بیسٹ وَنڈے ٹیم‘، ہندوستان کے 6 کھلاڑیوں کو ملی جگہ، روہت شرما ٹیم کے کپتان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2023 کی جو بیسٹ وَنڈے ٹیم منتخب کی ہے، اس میں ہندوستان کے 6 کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے، علاوہ ازیں آسٹریلیا و جنوبی افریقہ کے 2-2 کھلاڑیوں اور نیوزی لینڈ کے 1 کھلاڑی شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

روہت شرما، تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے 2023 کے وَنڈے عالمی کپ میں جس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اسے کوئی فراموش نہیں کر سکتا۔ فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ساتھ ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کو بھی ہمیشہ کے لیے ایک کسک رہ گئی، کیونکہ پورے ٹورنامنٹ میں لاجواب کھیل دکھانے کے بعد عالمی کپ کا ایسے اختتام کی کسی نے امید نہیں کی تھی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی بہترین کارکردگی پر اب آئی سی سی کی بھی مہر لگ گئی ہے۔ دراصل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2023 کے لیے جس ’بیسٹ وَنڈے ٹیم‘ کا اعلان کیا ہے، اس میں ہندوستان کے 6 کھلاڑی شامل ہیں۔ ظاہر ہے نصف سے زیادہ ہندوستانی کھلاڑیوں کا انتخاب پورے سال ان کے بہترین کھیل کا اعتراف ہے۔

آئی سی سی نے ’بیسٹ وَنڈے ٹیم 2023‘ کی کپتانی روہت شرما کو سونپی ہے، جنھوں نے عالمی کپ میں اپنی بے خوف بلے بازی سے سبھی کو حیران کر دیا تھا۔ وہ شروعاتی 10 اوورس میں ہی کھیل کو دوسری ٹیم سے دور کر دیتے تھے۔ فائنل میں بھی انھوں نے کچھ ایسا ہی کیا تھا، لیکن باقی بلے باز کچھ خاص نہیں کر سکے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کو عالمی کپ فاتح بنانے والے کپتان پیٹ کمنس کو اس پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں ملی ہے۔ پلیئنگ الیون میں ہندوستان کے 6 کھلاڑیوں کے علاوہ آسٹریلیا و جنوبی افریقہ کے 2-2 کھلاڑیوں اور نیوزی لینڈ کے 1 کھلاڑی کو جگہ ملی ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کا کوئی کھلاڑی آئی سی سی کی ’بیسٹ وَنڈے ٹیم 2023‘ میں جگہ نہیں بنایا پایا ہے۔


کپتان روہت شرما کے علاوہ آئی سی سی کی اس ٹیم میں بطور سلامی بلے باز سبھمن گل کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ وراٹ کوہلی پر مڈل آرڈر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہندوستان کے 3 گیندبازوں کو بھی اس ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ ان کے نام ہیں محمد سمیع، محمد سراج اور کلدیپ یادو۔ آسٹریلیا کی طرف سے ٹریوس ہیڈ اور ایڈم زیمپا کو پلیئنگ 11 میں جگہ ملی ہے۔ جنوبی افریقہ ٹیم سے ہنرک کلاسین کو بطور وکٹ کیپر بلے باز ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ مارکو یانسن بطور تیز گیندباز رکھے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مشیل نے اس پلیئنگ الیون میں جگہ بنائی ہے۔

آئی سی سی کی بیسٹ وَنڈے ٹیم 2023 اس طرح ہے: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ٹریوس ہیڈ، وراٹ کوہلی، ڈیرل مشیل، ہنرک کلاسین، مارکو یانسن، ایڈم زیمپا، محمد سراج، کلدیپ یادو، محمد سمیع۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔