مدھیہ پردیش: شاردا شکتی پیٹھ میہر میں ’روپ وے‘ پر سوار 28 لوگوں کی حلق میں اٹکی جان

آندھی اور تیز بارش کے درمیان میہر میں ماں شاردار شکتی پیٹھ میں تریکوٹ پہاڑ پر عقیدتمندوں کو ماں کی ڈیوڑھی تک پہنچانے والے روپ وے میں 7 ٹرالیاں کافی دیر تک ہوا میں ہی جھولتی رہیں۔

روپ وے
روپ وے
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع واقع شاردا شکتی پیٹھ میہر میں اس وقت 28 عقیدتمندوں کی جان حلق میں اٹک گئی جب تیز آندھی کے درمیان ’روپ وے‘ کی 7 ٹرالیاں ہوا میں ہچکولے کھانے لگیں۔ ایک ٹرالی میں صرف 4 لوگوں کے بیٹھنے کی اجازت رہتی ہے، اس طرح سے 7 ٹرالیوں میں تقریباً 28 عقیدتمند سوار تھے جو قریب 40 منٹ تک ہوا میں ہچکولے کھاتے رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آندھی اور تیز بارش کے درمیان میہر میں ماں شاردار شکتی پیٹھ میں تریکوٹ پہاڑ پر عقیدتمندوں کو ماں کی ڈیوڑھی تک پہنچانے والے روپ وے میں 7 ٹرالیاں کافی دیر تک ہوا میں ہی جھولتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کے الرٹ کے باوجود روپ وے مینجمنٹ نے احتیاط نہیں کیا جس کا نتیجہ بہت برا ہو سکتا تھا۔ تیز ہواؤں کے اندیشہ کے درمیان روپ وے کو بند کرنے کی ہدایت ہے، لیکن انتظامیہ کی یہ لاپروائی لوگوں کے لیے پریشانی کا سبب بن گئی۔


اس واقعہ کی خبر ملنے کے بعد میہر تحصلیدار مانویندر سنگھ نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دامودر روپ وے مینجمنٹ نے کسی طرح ٹرالیوں کو دھیرے دھیرے نیچے پہنچایا اور عقیدتمندوں کو اتارا۔ ایک عقیدتمند نے بتایا کہ وہ 40 منٹ تک ہوا میں جھولتا رہا اور اس دوران خوف کا عالم تھا۔ اس واقعہ نے حال ہی میں پیش آئے جھارکھنڈ کے دیوگھر روپ وے حادثہ کی یاد تازہ کر دی جس میں تین لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔