مدھیہ پردیش: وزیر اعلیٰ شیوراج نے ریاست کی سڑکوں کو امریکہ سے بتایا تھا بہتر، پھر گڈکری نے عوام سے کیوں مانگی معافی؟

نتن گڈکری نے منڈلا-جبلپور شاہراہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس شاہراہ کے معیار سے عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اس کے سبب لوگوں کو ہوئی پریشانی کے لیے معافی مانگی۔

نتن گڈکری
نتن گڈکری
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹیشن نتن گڈکری 7 نومبر کو ایک تقریب کے دوران عوام سے معافی مانگتے ہوئے نظر آئے۔ یہ معافی انھوں نے اس لیے مانگی کیونکہ مدھیہ پردیش میں انھوں نے سڑکوں کی حالت انتہائی خراب دیکھی اور اس سے انھیں بہت مایوسی ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان ریاست کی سڑکوں کو امریکہ کی سڑکوں سے بھی بہتر بتاتے رہے ہیں، لیکن گزشتہ روز مرکزی وزیر نتن گڈکری نے جس طرح عوام کے سامنے خراب سڑکوں کے لیے معافی مانگی، اس نے وزیر اعلیٰ کو پوری طرح سے غلط ثابت کر دیا ہے۔ نتن گڈکری نے خراب سڑک کی وجہ سے عوام کو ہوئی پریشانی کے لیے ناراضگی کا بھی اظہار کیا۔

دراصل مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹیشن و شاہراہ گڈکری نے منڈلا اور جبلپور میں منعقد تقاریب میں سڑکوں کا ’بھومی پوجن‘ کیا۔ اس دوران انھوں نے مدھیہ پردیش کی کئی سڑکوں کا بطور خاص تذکرہ کیا۔ اسی دوران منڈلا-جبلپور شاہراہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے شاہراہ تعمیر میں معیار سے عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اس کے سبب لوگوں کو ہوئی پریشانی کے لیے معافی مانگی۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے اس دوران افسران کو اس سڑک کی تعمیر کے کام میں بہتری لانے کی بھی ہدایت دی اور جلد ہی نیا ٹنڈر جاری کرنے کو کہا۔


نتن گڈکری نے منڈلا-جبلپور شاہراہ کی خراب حالت کو دیکھتے ہوئے کہا کہ اگر سڑک کی تعمیر میں غلطی ہوئی ہے تو اس کے لیے معافی بھی مانگنی چاہیے۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر نے اسٹیج سے عوام کو بتایا کہ انھوں نے افسران سے کہا ہے کہ نیا ٹنڈر نکالو اور جلد ہی اس سڑک کو درست طریقے سے مکمل کرو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔