لکھنؤ: فائٹر جیٹ میراج کا ٹائر لے کر فضائیہ اسٹیشن پہنچے ’چور‘ نے کہا- ’ہمیں لگا یہ ٹرک کا ٹائر ہے!‘
لکھنؤ پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دو لوگ 4 دسمبر کو بخشی کا تالاب واقع ایئرفورس اسٹیشن پر ٹائر کے ساتھ پہنچے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ٹائر انہیں سڑک پر لاوارث حالت میں ملا تھا۔
لکھنؤ: ہندوستان فضائیہ کے جنگی طیارے ’میراج‘ مبینہ طور پر چوری ہو جانے والا ٹائر برآمد کر لیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یو پی پولیس نے یہ اطلاع فراہم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق میراج کا یہ ٹائر 27 نومبر کو ٹرک سے اس وقت چوری ہو گیا تھا جب اسے لکھنؤ واقع بخشی کا تالاب ایئرفورس اسٹیشن سے راجستھان کے جودھپور ایئر بیس لے جایا جا رہا تھا۔
لکھنؤ پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دو لوگ 4 دسمبر کو بخشی کا تالاب واقع ایئرفورس اسٹیشن پر ٹائر کے ساتھ پہنچے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ٹائر انہیں سڑک پر لاوارث حالت میں ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسے ٹرک کا ٹائر سمجھ کر اپنے گھر لے گئے تھے۔ ایئر فورس اسٹیشن نے تصدیق کی ہے کہ ٹائر انہی کی سپلائی ڈیپو کا ہے اور یہ ایک میراج جیٹ میں لگایا جاتا ہے۔
مبینہ چوری لکھنؤ کے شہید پتھ علاقہ میں اس وقت ہوئی تھی جب میراج-2000 لڑاکا طیارہ کے نئے ٹائروں کو دیگر آلات کی ایک کھیپ کے ساتھ بخشی کا تالاب واقع ایئر فورس اسٹیشن سے جودھ پور ایئر بیس لے جائی جا رہی تھی۔
چوری کے بعد ٹرک ڈرائیور نے لکھنؤ پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ اس نے کہا تھا کہ جب وہ شہر سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا تو کچھ دیر کے لئے ایک جگہ ٹھہرا تھا، تبھی ٹائر کے چوری کی واردات کو انجام دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔