لوک سبھا انتخاب: تریپورہ میں پولنگ مرکز پر شہد کی مکھیوں کا حملہ، 15 ووٹرس زخمی، راجستھان میں آسمانی بجلی سے 3 ووٹرس ہلاک

تریپورہ کے ایک پولنگ مرکز پر شہد کی مکھیوں کے حملہ سے ووٹرس میں گھبراہٹ اور بے چینی پھیل گئی اور وہ قطار سے نکل کر بھاگنے لگے، اس افرا تفری کی وجہ سے کافی دیر تک پولنگ متاثر ہوا۔

<div class="paragraphs"><p>شہد کی مکھیوں کا چھتہ</p></div>

شہد کی مکھیوں کا چھتہ

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب کے دوسرے مرحلہ کی پولنگ کے دوران آج تریپورہ کے ایک پولنگ مرکز پر شہد کی مکھیوں کے حملے میں کئی ووٹرس زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کھوائی ضلع کے بارابل علاقہ میں جمعہ کے روز ووٹ ڈالنے کے لیے قطار بند ووٹرس پر شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا۔ ان شہد کی مکھیوں کے کاٹنے سے تقریباً 15 ووٹرس زخمی ہو گئے۔

الیکٹورل افسران کا کہنا ہے کہ شہد کی مکھیوں کے حملے کی جانکاری ملتے ہی فائر بریگیڈ دستہ اور ایمرجنسی سروس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمی ووٹرس کو کھوائی ضلع اسپتال بھیجا گیا۔ علاج کے بعد سبھی زخمیوں کو ان کے گھر واپس بھیج دیا گیا۔ ساتھ ہی فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں نے پولنگ مرکز کے پاس موجود شہد کی مکھیوں کے چھتہ کو تباہ کر دیا۔


بتایا جاتا ہے کہ پولنگ مرکز پر شہد کی مکھیوں کے حملے سے ووٹرس میں گھبراہٹ اور بے چینی پھیل گئی تھی اور وہ قطار سے نکل کر بھاگ کھرے ہوئے تھے۔ ان شہد کی مکھیوں کے حملہ سے کافی دیر تک پولنگ کا عمل متاثر بھی ہوا۔ جب ووٹنگ کا عمل دوبارہ شروع ہوا تو اس بوتھ پر تعینات الیکٹورل افسر ڈرے سہمے دکھائی دیے، حالانکہ بعد میں شہد کی مکھیاں دکھائی نہیں دیں۔

دوسری طرف راجستھان کے بوندی میں آسمانی بجلی گرنے سے ووٹ ڈال کر لوٹ رہے 3 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 4 دیگر افراد سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ بوندی میں موسم خراب ہونے کی وجہ سے ووٹ ڈال کر لوٹ رہے کچھ لوگ درخت کے نیچے کھڑے ہو گئے تھے، تبھی آسمانی بجلی گری اور اس نے تین لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ آس پاس موجود چار دیگر لوگ سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے راوت بھاٹا اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔


اس حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ڈابی تھانہ افسر انل جوشی نے بتایا کہ جمعہ کے روز الیکشن ڈیوٹی کے دوران گشت کر رہے تھے۔ اسی وقت گوجروں کی گھاٹی گاؤں میں بجلی گرنے کے حادثہ کی خبر ملی تو موقع پر پہنچے اور فوراً سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے گئے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حادثہ کے شکار سبھی لوگ جمعہ کو ووٹ دے کر واپس گاؤں لوٹ رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔