لوک سبھا انتخاب: الیکشن کمیشن نے سی بی ڈی ٹی کو دیا بی جے پی امیدوار راجیو چندرشیکھر کے حلف نامہ کی جانچ کا حکم

کانگریس نے راجیو چندرشیکھر کے ذریعہ داخل حلف نامہ میں حقیقی اور اعلانیہ ملکیت میں بے ضابطگی کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کی جانچ کے لیے الیکٹورل پینل کا رخ کیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>راجیو چندرشیکھر، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/DrPramodPSawant">@DrPramodPSawant</a></p></div>

راجیو چندرشیکھر، تصویر@DrPramodPSawant

user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر اور ترووننت پورم لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار راجیو چندرشیکھر کے حلف نامہ پر کانگریس نے سوالیہ نشان لگایا تھا، اور اب ان کی مشکلیں بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے منگل کے روز سی بی ڈی ٹی (سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز) کو حکم دیا ہے کہ وہ راجیو چندرشیکھر کے ذریعہ داخل حلف نامہ میں بے ضابطگی کی جانچ کرے۔

دراصل کانگریس نے راجیو چندرشیکھر کے ذریعہ داخل حلف نامہ میں حقیقی اور اعلانیہ ملکیت میں بے ضابطگی کا دعویٰ کیا تھا اور اس کی جانچ کے لیے پارٹی نے الیکٹورل پینل کا رخ کیا تھا۔ اس معاملے میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ حلف نامہ میں کسی بھی طرح کی غلطی یا فرضی اندراج سے عوامی نمائندہ ایکٹ 1951 کی دفعہ 125 اے کے تحت نمٹا جاتا ہے۔ اصول کے مطابق پرچہ نامزدگی یا حلف نامہ میں کسی بھی جانکاری کو چھپانے پر چھ مہینے تک کی جیل یا جرمانہ، یا دونوں کی سزا ہو سکتی ہے۔


واضح رہے کہ راجیو چندرشیکھر کا مقابلہ ترووننت پورم لوک سبھا سیٹ پر کانگریس امیدوار ششی تھرور سے ہے۔ انھوں نے 28 کروڑ روپے سے زیادہ کی ملکیت کا مالک ہونے کا اعلان کیا ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ساتھ داخل حلف نامہ میں چندرشیکھر نے منقولہ ملکیت کی مجموعی قیمت 136918637 روپے بتایا ہے، جبکہ ان کی بیوی کے پاس 124700408 روپے کی ملکیت ہے۔ اس میں موجود نقدی، بینکوں، غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں اور کوآپریٹو کمیٹیوں میں جمع کی تفصیل، ساتھ ہی بانڈ، ڈیبنچر، شیئر، کمپنیوں/میوچوئل فنڈ اور دیگر مالیاتی یونٹس میں سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ منقولہ ملکیت میں 1942 ماڈل کی ’ریڈ انڈین اسکاؤٹ‘ بھی شامل ہے، جو کرناٹک میں رجسٹرڈ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے پاس زیورات، صرافہ اور 3.25 کروڑ روپے سے زیادہ قیمت کی دیگر قیمتی چیزیں بھی ہیں۔

چندرشیکھر کی غیر منقولہ ملکیتوں میں 52642640 روپے کی قیمت پر خریدی گئی خود سے حاصل ملکیت شامل ہے، جس کا موجودہ مارکیٹ پرائس 14 کروڑ 40 لاکھ روپے ہوگا۔ ان پر 19 کروڑ 41 لاکھ 82 ہزار 894 روپے کا قرض بھی ہے، جس پر تنازعہ ہے۔ ان کی بیوی پر 1 کروڑ 63 لاکھ 43 ہزار 972 روپے کا قرض ہے جس میں بینکوں، مالیاتی اداروں اور دیگر سے قرض شامل ہیں۔ 23-2022 کے انکم ٹیکس ریٹرن کی مجموعی آمدنی 5 لاکھ 59 ہزار 200 روپے بتائی گئی ہے، جو 22-2021 میں 680 روپے تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔