لوک سبھا انتخاب 2024: بارامتی سے انتخاب لڑیں گی سپریا سولے، مہاوکاس اگھاڑی کی ریلی میں شرد پوار نے کیا اعلان

شرد پوار نے اپوزیشن اتحاد مہاوکاس اگھاڑی کی ریلی میں جب بارامتی سے سپریا سولے کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا تو اس وقت شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت بھی موجود تھے۔

سپریا سولے، تصویر آئی اے این ایس
سپریا سولے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آج ’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی-شردچندر پوار‘ (این سی پی-ایس پی) کے صدر شرد پوار نے اپنی پارٹی کی طرف سے لوک سبھا انتخاب کے لیے پہلے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے اپنی بیٹی سپریا سولے کو ایک بار پھر مہاراشٹر کی بارامتی لوک سبھا سیٹ سے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سیٹ پر دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، کیونکہ ایسے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اپنی بیوی سنیترا پوار کو اس سیٹ سے امیدوار بنا سکتے ہیں۔

ہفتہ کے روز شرد پوار نے پونے ضلع کی بھور تحصیل میں اپوزیشن اتحاد مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے ذریعہ منعقد ایک ریلی کے دوران سپریا سولے کے نام کا اعلان کیا۔ اس تقریب میں ایم وی اے میں شامل پارٹی شیوسینا (یو بی ٹی) کے راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت بھی موجود تھے۔ شرد پوار نے اس موقع پر کہا کہ انتخابی کمیشن 14 یا 15 مارچ کو لوک سبھا انتخاب کا شیڈول جاری کرے گا۔ انتخابی کمیشن نے ان کی پارٹی کو ’توتاری‘ (ایک روایتی ساز) بجاتا ہوا آدمی بطور انتخابی نشان الاٹ کیا ہے اور آئندہ لوک سبھا انتخاب میں یہی پارٹی کی پہچان ہے۔


واضح رہے کہ شرد پوار بارامتی پارلیمانی سیٹ سے 6 مرتبہ رکن پارلیمنٹ بن چکے ہیں اور ان کے بعد بیٹی سپریا سولے لگاتار 3 مرتبہ یہاں سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی ہیں۔ ایک بار شرد پوار کے بھتیجے اجیت پوار نے بھی اس سیٹ سے کامیابی حاصل کی ہے۔ گویا کہ گزشتہ 27 سالوں سے اس سیٹ پر پوار فیملی کی ہی بادشاہت رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔