لوک سبھا انتخاب 2024: کانگریس نے امیدواروں کی نئی فہرست جاری کی، دھنباد سے انوپما سنگھ کو بنایا امیدوار

جھارکھنڈ میں کانگریس، جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور بایاں محاذ پارٹیوں کا اتحاد ہے، یہاں کی 14 لوک سبھا سیٹوں میں سے اب تک کانگریس نے 6 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کانگریس کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

کانگریس کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس نے لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اپنے امیدواروں کی ایک نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں جھارکھنڈ کی تین لوک سبھا سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاری فہرست کے مطابق گوڈا سے دیپکا پانڈے سنگھ، چترا سے کرشنانند ترپاٹھی اور دھنباد سے انوپما سنگھ کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔

گوڈا سیٹ پر دیپکا سنگھ کا مقابلہ بی جے پی امیدوار نشی کانت دوبے سے ہوگا، جبکہ چترا میں کرشنانند ترپاٹھی کے سامنے بی جے پی امیدوار کالی چرن سنگھ ہوں گے۔ دھنباد لوک سبھا سیٹ پر کانگریس کی انوپما سنگھ کا مقابلہ بی جے پی امیدوار ڈھلو مہتو سے ہوگا جس کے انتہائی دلچسپ ثابت ہونے کی امیدیں ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ میں لوک سبھا کی 14 سیٹیں ہیں اور کانگریس نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) و بایاں محاذ پارٹیوں کے ساتھ اتحاد قائم کیا ہے۔ حالانکہ اس اتحاد نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا ہے کہ 14 لوک سبھا سیٹوں میں سے کس کے حصے میں کتنی سیٹیں آئی ہیں، لیکن کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ کانگریس 7، جے ایم ایم 5 اور آر جے ڈی و سی پی آئی ایم ایل 1-1 سیٹوں پر امیدوار اتار سکتے ہیں۔ کانگریس نے اب تک 6 سیٹوں پر امیدوار کا اعلان کر بھی دیا ہے۔ جے ایم ایم نے فی الحال دمکا، راج محل، گریڈیہہ اور سنگھ بھوم سیٹ پر اپنے امیدوار کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔