جامعہ ملیہ اسلامیہ رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے 31 طلباء یو پی ایس سی میں پاس، نوشین ٹاپ 10 میں شامل

جامعہ آر سی اے کے طلباء جنہوں نے یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے ان میں نوشین، نازیہ پروین، عاطف وقار، بورکر سریش، دیویانشی سنگلا، سید عادل، ہرشیتا شرما، فرحین اور پریرنا سنگھ شامل ہیں۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی / آئی اے این ایس
جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی / آئی اے این ایس
user

آئی اے این ایس

جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریسیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) نے ایک بار پھر یو پی ایس سی امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جامعہ آر سی اے کے 31 طلباء نے اس مرتبہ یو پی ایس سی سول سروسز امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میں نوشین نامی طالبہ نے تو اپنی جگہ ٹاپ 10 میں بنا لی ہے۔ نوشین نے سول سروسز کے فائنل ریزلٹ میں نویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

نوشین گورکھپور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے۔ اس کے بعد نوشین نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سوشل ورک میں پوسٹ گریجویشن کیا۔ پوسٹ گریجویشن کے بعد انہوں نے سول سروسز کی تیاری کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے جامعہ آر سی اے میں داخلہ لیا۔ اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوشین نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں اور جامعہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی نے ان کی کامیابی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ یو پی ایس سی پاس کرنے والے کل 31 طلباء میں سے 11 لڑکیاں ہیں۔


واضح رہے کہ آر سی اے نے گزشتہ سالوں میں بھی یو پی ایس سی امتحانات میں اچھے نتائج دیے ہیں۔ شروتی شرما نے اسی اکیڈمی میں تعلیم حاصل کی تھی جنھوں نے سول سروسز امتحان 2021 میں آل انڈیا رینک 1 حاصل کیا تھا۔ رواں سال جامعہ آر سی اے کے کل 151 طلبا نے یو پی ایس سی امتحان میں شرکت کی۔ ان میں سے 71 طلبہ انٹرویو کے لیے پہنچے اور 31 طلبہ کا انتخاب کیا گیا۔ اپنے قیام کے بعد سے ابھی تک جامعہ آر سی اے سے سول سروسز اور دیگر مرکزی اور ریاستی سروسز میں 630 سے ​​زیادہ طلباء کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جامعہ آر سی اے کے طلباء جنہوں نے یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے ان میں نوشین، نازیہ پروین، عاطف وقار، بورکر سریش، دیویانشی سنگلا، سید عادل، ہرشیتا شرما، فرحین اور پریرنا سنگھ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ منگل کو یونین پبلک سروس کمیشن یعنی یو پی ایس سی نے سول سروسز امتحان اور انٹرویو کا حتمی نتیجہ جاری کیا ہے۔ آدتیہ سریواستو نے اس سال سول سروسز کے امتحان میں ٹاپ کیا ہے۔ انیمیش پردھان دوسرے نمبر پر اور ڈونورو اننیا ریڈی نے تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ یو پی ایس سی کے امتحانات میں کل 180 امیدوار انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس یعنی آئی اے ایس کے لیے ہیں، 200 امیدوار انڈین پولیس سروس یعنی آئی پی ایس کے لیے، جبکہ انڈین فاریسٹ سروس یعنی IFS کے لیے 37 امیدوار ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ آر سی اے سول سروسز کے لیے طلباء کی کوچنگ کے شعبے میں ایک مشہور اکیڈمی ہے۔ یہ درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، خواتین اور اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے سول سروسز امتحان کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ اور تربیت فراہم کرتا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا کہنا ہے کہ اس اکیڈمی کا ایک سازگار ماحول اور ایک ایکوسسٹم ہے جو سول سروسز اور دیگر مسابقتی امتحانات کے خواہش مندوں کے لیے نہایت موزوں ہے۔ جامعہ رہائشی کوچنگ اکیڈمی (آر اے سی) نے سول سروسز امتحان 2025 کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہاں پر کوچنگ کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ کو لائبریری اور ہاسٹل جیسی مفت سہولیات بھی میسر ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔