کنٹنمنٹ زون تک محدود رہے گا لاک ڈاؤن 5.0، بقیہ مقامات سے مرحلہ وار ہٹیں گی پابندیاں، جانیں پوری تفصیل

نئی رہنما ہدایات میں رات کے کرفیو کو نافذ رکھا گیا ہے لیکن اس کا وقت بدل کر رات نو بجے سے صبح پانچ بجے تک کردیا گیا ہے۔ پہلے یہ شام سات سے صبح سات بجے تک تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں گزشتہ دو مہینوں سے زیادہ وقت سے جاری لاک ڈاؤن کو اب صرف کنٹنمنٹ زون تک محدود کرکے اس کی مدت میں 30 جون تک توسیع کردی گئی ہے۔ کنٹنمنٹ زون سے باہر کے علاقوں میں مختلف سرگرمیوں پر چوتھے مرحلہ میں نافذ پابندیوں کو مرحلہ وار طریقہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی داخلہ سکریٹری نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت قائم قومی ایگزیکٹیو کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے آج اس بارے میں احکامات جاری کئے۔ احکامات کے ساتھ کنٹنمنٹ زون کے لئے خصوصی رہنما ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں گزشتہ 25مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کا چوتھا مرحلہ 31مئی کو ختم ہورہا ہے۔ لاک ڈاؤن 5.0 کے پیش نظر جاری نئی رہنما ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کنٹنمنٹ زون کے باہر سرگرمیوں کو مرحلہ وار طریقہ سے شروع کیا جائے گا اور اس دوران مرکزی وزارت صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) پر عمل کرنا ہوگا۔


پہلے مرحلہ میں آئندہ 8جولائی سے مذہبی مقامات، ہوٹلوں، ریستورانوں اور دیگر مہمان نواز ی کے مراکز اور شاپنگ مال کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان سرگرمیوں کے لئے جلد ہی ایس او پی جاری کیا جائے گیا۔ دوسرے مرحلہ میں ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد اسکول، کالج، تعلیمی، تربیتی اور کوچنگ سنٹر وغیرہ کھولے جائیں گے۔ ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستیں اداروں، والدین اوردیگر فریقین کے ساتھ بھی صلاح ومشورہ کریں گی۔ ان صلاح و مشوروں کی بنیاد پر ان اداروں کو کھولنے کے بارے میں فیصلہ جولائی میں کیا جائے گا۔ اس کے بارے میں بھی تمام متعلقہ فریقین اور ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایس او پی جاری کیا جائے گا۔

تیسرے مرحلہ میں حالات کے وسیع جائزہ کے بعد بین الاقوامی فضائی سفر، میٹرو ریل، سنیما ہال، جم، سوئمنگ پول، تفریحی پارک، تھیٹر، بار، آڈیٹوریم، اسمبلی ہال اور اسی طرح کے دیگر مقامات کو کھولنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ سماجی، سیاسی، کھیل، تفریح، تعلیمی، ثقافتی، مذہبی تقاریب اور بھیڑ بھاڑ والی تقریبات کے انعقاد کے بارے میں فیصلہ صورتحال کے جائزہ کے بعد ہی کیا جائے گا۔


نئی رہنما ہدایات میں رات کے کرفیو کو نافذ رکھا گیا ہے لیکن اس کا وقت بدل کر رات نو بجے سے صبح پانچ بجے تک کردیا گیا ہے۔ پہلے یہ شام سات سے صبح سات بجے تک تھا۔ لازمی خدمات کو اس پابندی سے باہر رکھا گیا ہے۔ کنٹنمنٹ زون میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں پہلے کی طرح 30جون تک نافذ رہیں گی۔ کنٹنمنٹ زون کا تعین رہنما خطوط کے مطابق کیا جائے گا۔ کنٹنمنٹ زون میں حسب سابق لازمی خدمات کو پابندی سے باہر رکھا گیا ہے۔ان علاقوں میں لوگوں کے آمدورفت مکمل طورپر بند رہے گی اور وہ صرف طبی ایمرجنسی اور لازمی خدمات کے لئے ہی باہر نکل سکیں گے۔

رہنما ہدایات کے مطابق ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستیں کنٹنمنٹ زون کے باہر پہلے کی ہی طرح بفر زون بنا سکیں گی جہاں نئے معاملے آنے کا اندیشہ ہو۔ ان علاقوں میں ضلع انتظامیہ اپنی طرف سے پابندی لگا سکیں گی۔ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستیں ضرورت پڑنے پر صورتحال کے مطابق کچھ سرگرمیوں پر پابندی لگا سکتی ہیں۔ نئی رہنما ہدایات میں لوگوں اور سامان کو ریاست کے اندر ایک سے دوسری ریاست میں لانے لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اس طرح کے لانے لے جانے کے لئے کسی طرح کے پرمٹ یا پاس کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اگر کچھ ریاستیں صحت شعبہ کی تشخیص کی بنیاد پر اس آمدورفت کو محدود کرنا چاہتی ہیں تو وہ اس بارے میں پہلے سے ہی وسیع تشہیر کرکے لوگوں کو معلومات دیں گی۔


مسافر ٹرین، شرمک اسپیشل ٹرین، گھریلو فضائی سفر، غیرممالک میں پھنسے ہندستانیوں اور ملک میں پھنسے غیرملکیوں کی آمدو رفت چوتھے مرحلہ کی طرح ایس پی او کی بنیاد پر جاری رہے گی۔ جن پڑوسی ممالک کے ساتھ معاہدہ ہے ان میں سامان کی آمدورفت میں بھی کوئی ریاست رخنہ نہیں ڈالے گی۔

رہنما ہدایات میں 65برس سے زیادہ عمر کے لوگوں، سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں، حاملہ خواتین اور 10 برس سے کم عمر کے بچوں کو ایمرجنسی کو چھوڑ کر گھروں میں ہی رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تمام سرکاری اور پرائیویٹ ملازمین کو اپنے فون میں آروگیہ سیتو ایپ پہلے کی ہی طرح ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ضلع انتظامیہ کو بھی ہر شہری کو یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ترغیرب دینی ہوگی۔


احکامات میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ریاست یا مرکز کے زیرانتظام ریاست اپنی طرف سے ان رہنما ہدایات میں کوئی نرمی نہیں دیں گی۔ تمام ضلع مجسٹریٹ ان اقدامات کو سختی سے نافذ کریں گے۔ ان اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے التزامات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ عوامی مقامات اور کام کرنے کی جگہوں پر ماسک پہننا پہلے کی طرح لازمی رہے گا۔ سماجی دور ی کے دو گزکے اصول پر ہر جگہ عمل کرنا ہوگا۔ بڑی تقاریب کے انعقادپر پابندی جاری رہے گی اور شادی کی تقریبات میں پہلے کی طرح پچاس اور آخری رسومات میں 20لوگوں کے شامل ہونے کی اجازت رہے گی۔ عوامی مقامات پر تھوکنے پر بھی پابندی جاری رہے گی۔ رہنما ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو گھر سے کام کرنے کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ دفاتر، کام کرنے کی جگہوں، دکانوں، بازاروں اور کاروباری اداروں میں الگ الگ وقت کا نظام پہلے کی طرح ہی نافذ رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔