لاک ڈاؤن 5.0 کا اعلان، شرائط کے ساتھ مذہبی مقامات کھولنے کا فیصلہ!

مرکز کی مودی حکومت نے کنٹنمنٹ زون میں لاک ڈاؤن 30 جون تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مودی حکومت نے لاک ڈاؤن 5.0 کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن یکم جون سے 30 جون تک نافذ رہے گا اور اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ نے گائیڈ لائنس بھی جاری کر دیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ لاک ڈاؤن کی یہ توسیع کنٹنمنٹ زون کے لیے ہے اور جو علاقے کینٹنمنٹ زون میں نہیں ہیں، انھیں اس سے چھوٹ مل گئی ہے۔ اس مرتبہ شرائط کے ساتھ مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ رہنے کی بات بھی گائیڈ لائن میں شامل ہے۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پہلے مرحلہ میں عوامی مقامات اور مذہبی عبادت والی جگہوں کو کھولنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے تحت ہوٹل، ریستوراں اور شاپنگ مال وغیرہ کو 8 جون 2020 سے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ حکومت اس سلسلے میں تفصیلی ہدایات جلد جاری کرے گی۔ یہ باتیں بھی سامنے آ رہی ہیں کہ لاک ڈاؤن 5.0 کنٹنمنٹ زون میں سختی کے ساتھ نافذ رہے گا۔

لاک ڈاؤن 5.0 کے اعلان سے پہلے آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پی ایم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور ایسا پہلے سے ہی اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کی جائے گی۔ لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ دو ہفتہ کا لاک ڈاؤن بڑھے گا، لیکن مودی حکومت نے لاک ڈاؤن 5.0 کو 30 جون تک رکھنے کا اعلان کیا۔ لاک ڈاؤن کے تعلق سے امت شاہ کی جمعہ کے روز بھی پی ایم مودی سے تقریباً دو گھنٹے کی میٹنگ ہوئی تھی اور انھوں نے ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے ہوئی بات چیت کے بارے میں پی ایم مودی کو بتایا تھا۔ آج بھی تقریباً ایک گھنٹے کی میٹنگ امت شاہ اور پی ایم مودی کے درمیان ہوئی جس کے بعد 30 جون تک لاک ڈاؤن بڑھانے کا فیصلہ ہوا۔


واضح رہے کہ کورونا وائرس انفیکشن کو روکنے کے لیے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ کل یعنی 31 مئی کو ختم ہو رہا ہے۔ چوتھا لاک ڈاؤن 18 مئی سے 31 مئی تک کے لیے لگایا گیا تھا۔ اس سے قبل 25 مارچ سے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن 1، 15 اپریل سے 3 مئی تک لاک ڈاؤن 2.0 اور 4 مئی سے 17 مئی تک لاک ڈاؤن 3.0 نافذ کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 May 2020, 7:16 PM