لاک ڈاؤن 5.0: ہندوستان میں ’اَن لاک-1‘ کا آغاز، جانیں کس ریاست میں مل رہی چھوٹ اور کہاں پابندی رہے گی جاری!

یو پی میں اَن لاک-1 کے تحت کئی شعبوں میں چھوٹ مل گئی ہے۔ ریاست میں آج سے سبھی سرکاری دفاتر کھل گئے ہیں، لیکن یہ دفاتر تین شفٹ میں کام کریں گی۔ یو پی میں سپر مارکیٹ کو کھولنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں آج سے کورونا لاک ڈاؤن کا پانچواں مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً دو مہینے سے بند پڑے ملک کو دوبارہ کھولنے کی قواعد شروع ہو گئی ہے۔ مرحلہ وار طریقے سے بندشوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ 30 جون تک چلنے والے لاک ڈاؤن 5.0 کے دوران پابندیاں صرف کنٹنمنٹ زون میں نظر آئیں گی۔ اَن لاک-1 کے پہلے مرحلہ میں مرکزی وزارت داخلہ کی رہنما ہدایات کے مطابق 8 جون سے سبھی مذہبی مقامات، ہوٹل، ریستوران اور شاپنگ مال کھل سکیں گے۔ ہندوستان کی کچھ ریاستوں نے اَن لاک-1 کے تحت اپنے اپنے حساب سے رعایتیں دی ہیں۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ ہندوستان کی اہم ریاستوں میں آج سے کیا کیا کھلا ہے اور کن ریاستوں نے پابندیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اتر پردیش:

اتر پردیش میں اَن لاک-1 میں کئی شعبوں میں چھوٹ دی گئی ہے۔ ریاست میں آج سے سبھی ریاستی دفاتر کھل گئے ہیں۔ لیکن دفتر میں تین شفٹ میں کیے جائیں گے، یعنی 9 سے 5، 10 سے 6 اور 11 سے 7 بجے تک۔ ریاست میں صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک دکانوں کو کھولنے کی اجازت رہے گی اور اس درمیان سپر مارکیٹ کو کھولنے کی بھی اجازت ریاستی حکومت نے دی ہے۔ علاوہ ازیں مٹھائی کی دکانیں بھی کھلیں گی لیکن صرف پارسل کی سہولت دی گئی ہے۔

یو پی انتظامیہ کے ذریعہ جاری گائیڈ لائنس کے مطابق بینکوئٹ ہال بھی کھل سکیں گے لیکن صرف 30 لوگوں کو ایک ساتھ جمع ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ سیلون، بیوٹی پارلر بھی کھلیں گے لیکن کورونا سے جڑی رہنما ہدایات پر عمل کرنا ان کے لیے ضروری ہے۔ ریاست میں آج سے پارک بھی کھلیں گے جس کا وقت صبح اور شام 5 بجے سے لے کر 8 بجے تک ہوگا۔ اسٹیڈیم کھولنے کی اجازت بھی انتظامیہ نے دی ہے لیکن ناظرین کے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ٹو وہیلر اور فور وہیلر والوں کو آروگیہ سیتو ایپ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بڑی بات یہ ہے کہ اتر پردیش میں 8 جون سے مذہبی مقامات، عبادت گاہوں، شاپنگ مال، ہوٹل اور ریستوراں کھولنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اس سلسلے میں بھی ریاستی حکومت نے رہنما ہدایات جاری کر دیئے ہیں جس پر سبھی کو عمل کرنا ہوگا۔


بہار:

بہار حکومت نے مرکزی حکومت کی جانب سے جاری رہنما ہدایات کو اپنی ریاست میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاک ڈاؤن 5.0 میں نتیش حکومت نے لوگوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے ریاست کے اندر بس سمیت سبھی پبلک ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت دی ہے۔ کنٹنمنٹ زون کو چھوڑ کر بہار کے سبھی اضلاع کی سبھی دکانیں، سرکاری اور نجی دفاتر، ہوٹل اور ریستوراں آج سے پوری طرح کھل جائیں گے۔ حالانکہ یہاں بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ یہ صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔ ریاست میں رات کا کرفیو نافذ رہے گا۔ اس مدت میں صرف میڈیکل سامانوں کی دکانیں، دوا دکانیں اور میڈیکل کلینک ہی کھل سکیں گی۔ 8 جون سے کئی مزید معاشی اور سماجی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ جولائی میں ہوگا۔ 21 کنٹنمنٹ زون کو چھوڑ کر لوگ کہیں بھی آمد و رفت کر سکیں گے۔

مہاراشٹر:

مہاراشٹر حکومت نے اَن لاک-1 کے تحت کسی بھی طرح کی نرمی دینے سے پرہیز کیا ہے۔ بین ریاستی ٹرانسپورٹیشن کی اجازت بھی ادھو حکومت نے نہیں دی ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے کہا ہے کہ پھنسے ہوئے مہاجر مزدوروں وغیرہ کی بین ریاستی اور بین ضلعی آمد و رفت کو جاری رکھا جائے گا اور پورے مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن 5.0 کی مدت کو 30 جون تک بڑھایا گیا ہے۔ حکومت نے مزید کہا کہ طبی اہلکاروں، صفائی اہلکاروں اور ایمبولنس کے لیے بین ریاستی آمد و رفت کی اجازت رہے گی اور گیراج، الیکٹریشین اور پلمبرس کو بھی کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس درمیان 5 جون سے ریاست میں بازار، دکانیں، کیب اور ٹیکسی چلانے کو منظوری دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 8 جون سے پرائیویٹ دفاتر 10 فیصد ملازمین کے ساتھ کھولے جا سکیں گے۔


گجرات:

گجرات میں رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو رہے گا۔ سبھی دکانیں شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ اس کے علاوہ گجرات ریاستی ٹرانسپورٹ کی بسیں سبھی ضلعوں میں چلیں گی۔ سبھی سرکاری دفاتر پیر سے کھل گئے ہیں۔ حالانکہ نئی گائیڈ لائن کے مطابق ہوٹل، ریستوران، مذہبی مقامات کو ضابطوں کی بنیاد پر کھولے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

راجستھان:

نئی رہنما ہدایات کے مطابق راجستھان میں آج سے سبھی سیاحتی مقامات کھول دیئے گئے ہیں۔ پہلے ہفتہ تک مسافر مفت میں سیاحتی مقامات پر جا سکیں گے۔ تیسرے ہفتے میں نصف پیسہ دے کر سیاحتی مقامات کی سیر کر پائیں گے۔


چھتیس گڑھ:

ریاستی حکومت بین ضلعی اور بین ریاستی سفر کے لیے صرف ای-پاس والوں کو اجازت دے گی۔ ریاست 7 جون تک سبھی کھیل احاطوں، اسٹیڈیم اور عوامی پارک کو بھی بند رکھے گی۔

پنجاب:

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے بھی مرکزی حکومت کی رہنما ہدایات کے مطابق لاک ڈاؤن 30 جون تک بڑھا دیا ہے۔ لیکن یہ لاک ڈاؤن کنٹنمنٹ زون تک ہی محدود رہے گا۔ محکمہ خوردنی اشیاء کو راشن کٹ میں ماسک بھی شامل کرنے کا حکم حکومت پنجاب نے دیا ہے، تاکہ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔


مدھیہ پردیش:

مدھیہ پردیش حکومت لاک ڈاؤن 15 جون تک بڑھانے کے حق میں ہے اور کنٹمنٹ علاقوں میں کوئی رعایت دینے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے۔ حالانکہ گرین زون میں کچھ مزید راحت دینے پر غور ہو رہا ہے۔ ابھی حکومت اسکولوں کو بھی 13 جون کے بعد کھولنے کے حق میں ہے، لیکن کورونا انفیکشن کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی آخری فیصلہ لیا جائے گا۔

دہلی:

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لاک ڈاؤن 5.0 کے مدنظر راجدھانی کے لیے کچھ نئی رہنما ہدایات کی جانکاری میڈیا کو دی۔ انھوں نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ایک ہفتے تک دہلی کے بارڈر سیل رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس دوران صرف ضروری خدمات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو آمد و رفت کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ نائی کی دکانیں اور سیلون کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن اسپا فی الحال بند رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ آٹو رکشہ میں ایک سواری پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ پہلے دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں پر جو سواریوں کی پابندی تھی، وہ بھی ہٹا لی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم دکانوں کو کھولنے کے لیے طاق-جفت کے ضابطے پر عمل کر رہے تھے، لیکن مرکزی حکومت نے ایسا کوئی ضابطہ نہیں بنایا ہے، اس لیے اب سے سبھی دکانیں کھل سکتی ہیں۔


تمل ناڈو:

تمل ناڈو میں اَن لاک-1 کے تحت بین ریاستی بس ٹرانسپورٹیشن، میٹرو اور سَب اَربن ٹرین خدمات پر پابندی جاری رہے گی۔ ریاستی حکومت کے مطابق بین علاقائی اور بین ریاستی سفر کے لیے ای-پاس ضروری ہوگا۔ 40 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ سبھی نان اے سی ریستوران کو 50 فیصد ملازم کے ساتھ کھانا دستیاب کرانے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔ چنئی کے باہر کی صنعتیں اور نجی ادارے، جیسے آئی ٹی کمپنیاں 100 فیصد ملازمین کے ساتھ کام کر سکیں گی۔ شہری علاقوں کے اندر، آئی ٹی کمپنیوں کو دفاتر میں صرف 20 فیصد ملازم رکھنے کی اجازت ہے۔

شمال مشرق کی ریاستیں:

شمال مشرقی ریاستوں میں میگھالیہ نے لاک ڈاؤن کی مدت کو 6 جون تک بڑھا دیا ہے اور گاڑیوں کی بین ضلعی اور بین ریاستی آمد و رفت پر پابندی بھی جاری رکھی ہے۔ میزورم حکومت نے بھی کہا ہے کہ مسافروں کو لے جانے والی گاڑیوں کی سبھی بین ریاستی یا سرحدی آمد و رفت پر پابندی رہے گی۔ میگھالیہ میں کورونا وائرس کے 27 جب کہ میزوم میں ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔