امریکہ میں تشدد کی آگ وہائٹ ہاؤس تک پہنچی، ٹرمپ مع اہل خانہ بنکر میں چھپنے کو مجبور

سی این این کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ، ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور بیٹا برون کو جمعہ کے روز ایک زیر زمین بنکر میں تقریباً ایک گھنٹہ تک رکھا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سیاہ فام جارج فلائیڈ کی موت پر تشدد کا معاملہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اس تشدد کی آگ گزشتہ دنوں وہائٹ ہاؤس تک بھی پہنچ گئی اور حالات کچھ اتنے خراب ہو گئے کہ ٹرمپ کو اپنی فیملی کے ساتھ وہائٹ ہاؤس میں موجود زیر زمین بنکر میں پوشیدہ ہونے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے کنبہ کے اراکین کو وہائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہروں کے درمیان ایک گھنٹے کے لئے زیرزمین بنکر میں لے جایا گیا تھا۔ یہ اطلاع وائٹ ہاؤس کے افسران نے میڈیا کو دی ہے۔

اس سلسلے میں سی این این کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ، ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور بیٹا برون کو جمعہ کے روز ایک زیرزمین بنکر میں تقریباً ایک گھنٹہ تک رکھا گیا تھا۔ ایسا اس وقت ہوا جب افریقی نژاد امریکی شہری جارج فلائیڈ کی پولس تحویل میں موت ہوجانے کے خلاف احتجاج میں جمعہ کی علی الصبح مظاہرین کی بڑی تعداد وہائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہوگئی تھی اور ہفتہ کی رات تک وہیں موجود رہی۔


اس درمیان یہ بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ وہائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرے کے دوران بھڑکے تشدد میں خفیہ سروس کے 60 سے زائد افسران اور ایجنٹ زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وہائٹ ہاؤس کے ملازمین کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر اتوار سے کام پر آنے سے باز رہنے کوکہا گیا تھا۔ دوسری جانب نیشنل گارڈز کی تعیناتی اور کرفیو کے نفاذ کے باوجود امریکہ کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔