دہلی: چھترسال اسٹیڈیم میں 15 اگست کو آتشی نہیں کیلاش گہلوت کریں گے پرچم کشائی، لیفٹیننٹ گورنر نے کیا نامزد

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے پرچم کشائی کے لیے آتشی کو نامزد کیا تھا، لیکن لیفٹیننٹ گورنر نے ان کے خط کو یہ کہہ کر ناقابل قبول بتایا کہ اصول کے مطابق جیل سے صرف ذاتی معاملوں میں ہی خط لکھا جا سکتا ہے۔

کیلاش گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
کیلاش گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے کابینہ وزیر آتشی کے ذریعہ یومِ آزادی پر ہندوستانی پرچم لہرانے سے متعلق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی سفارش کو نامنظور کرتے ہوئے، ان کی جگہ وزیر داخلہ کیلاش گہلوت کو اس ذمہ داری کے لیے نامزد کیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کے مشورہ کے بعد ایل جی سکسینہ نے وزیر داخلہ کیلاش گہلوت کو 15 اگست کے روز چھترسال اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کے لیے نامزد کیا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتہ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو لکھے گئے خط میں وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا تھا کہ کابینہ وزیر آتشی ان کی جگہ دہلی حکومت کی یومِ آزادی تقریب کے دوران قومی پرچم لہرائیں گی۔ حالانکہ ایل جی نے کیجریوال کی اس سفارش کو خارج کر دیا ہے، اور مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر دہلی کے وزیر داخلہ کیلاش گہلوت کو پرچم کشائی کی اجازت دی ہے۔


کیجریوال کے ذریعہ آتشی کو پرچم کشائی کا اختیار دیے جانے سے متعلق لکھے گئے خط کو لیفٹیننٹ گورنر نے ناقابل قبول قرار دیا۔ انھوں نے اس خط کو جائز ماننے سے انکار کرتے ہوئے اس کے لیے اصولوں کا حوالہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ اصول کے مطابق جیل سے صرف ذاتی معاملوں میں ہی چٹھی لکھی جا سکتی ہے۔

اس سے قبل جنرل ایڈمنسٹریشن کے وزیر گوپال رائے نے پیر کے روز محکمہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ وزیر اعلیٰ کی خواہش کے مطابق آتشی کے ذریعہ پرچم کشائی کا انتظام کریں۔ حالانکہ وزیر گوپال رائے کے خط کا جواب دیتے ہوئے جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ (جی اے ڈی) کے ایڈیشنل چیف سکریٹری نوین کمار چودھری نے منگل کے روز کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت قانونی طور سے قابل قبول نہیں ہے، اور اس حکم کی تعمیل نہیں کی جا سکتی۔ انھوں نے واضح کیا تھا کہ جیل میں بند وزیر اعلیٰ کسی کو پرچم کشائی کے لیے اختیار نہیں دے سکتے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔