اسپتال میں بستر کم، شمشان میں لکڑیاں کم، قبرستان میں جگہ کم، دہلی میں کورونا کی حالت سنگین: الکا لامبا

کانگریس لیڈر الکا لامبا نے مطالبہ کیا ہے کہ کووڈ کنٹرول وار روم تیار کر کے کنٹرول وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اپنے ہاتھوں میں لیں اور کورونا انفیکشن پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں۔

کانگریس لیڈر الکا لامبا
کانگریس لیڈر الکا لامبا
user

تنویر

دہلی کانگریس لیڈر اور سابق رکن اسمبلی الکا لامبا نے آج ایک ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر بہت ہی خطرناک ہے جسے دہلی کی ڈبل انجن سرکار کنٹرول کرنے میں پوری طرح سےناکام ثابت ہو رہی ہے۔ الکا لامبا نے دہلی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’کل 17282 ریکارڈ پازیٹو معاملے سامنے آئے اور 104 لوگوں کی موت ہو گئی۔ راجدھانی کورونا پازیٹو اور فی لاکھ آبادی کی شرح اموات میں پہلے مقام پر ہے اور دہلی محفوظ نہیں ہے۔‘‘

الکا لامبا نے دہلی کی صورت حال پر فکر ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسپتال میں بستر کم، شمشان میں لکڑیاں کم، قبرستان میں جگہ کم۔ دہلی کی ڈبل انجن حکومت کو چاہیے کہ وہ سیاسی بھید بھاؤ ختم کر کے کووڈ وبا پر کنٹرول کرنے کےل یے ایک وار روم تیار کرے جس کا کنٹرول وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اپنے ہاتھوں میں لیں اور حالات پر ہر نظریے سے دھیان رکھتے ہوئے کورونا پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن انتظامی قدم اٹھائیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ جہاں ملک کی راجدھانی کو ملک سمیت دنیا میں کووڈ کنٹرول پر مثال بننا چاہیے تھا، لیکن وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ’میں‘ والے رویہ کے سبب دہلی آج بدحال نظامِ صحت کے لیے دنیا میں نمبر وَن شہر بن گیا ہے۔


ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الکا لامبا نے دہلی کے اسپتالوں کی حالت زار کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے اسپتالوں میں صرف 36 ونٹیلیٹر خالی ہیں اور 9 سرکاریا سپتالوں میں سے 4 میں ایک بھی ونٹیلیٹر خالی نہیں ہے۔ دہلی کے 70 فیصد کووڈ مریض پرائیویٹ اسپتالوں میں داخل ہیں اور دہلی میں کل 15057 بستر میں سے 4927 (33 فیصد) بستر دہلی حکومت کے ہیں، باقی پرائیویٹ اور مرکزی حکومت کے اسپتالوں کے ہیں۔ الکا لامبا نے بتایا کہ کل 10287 مریضوں میں سے صرف 2742 مریض (27 فیصد) دہلی حکومت کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 1138 ونٹیلیٹر استعمال میں ہیں۔ محض 1.84 فیصد ونٹیلیٹر ہی خالی ہیں۔

الکا لامبا نے کہا کہ تربیت یافتہ ڈاکٹروں اور نرسوں کی زبردست کمی کے سبب دہلی حکومت اپنے اسپتالوں کا بنیادی طور پر استعمال نہیں کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین کورونا لہر میں دہلی حکومت حالات پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام رہی ہے، جب کہ آج کے وقت میں حالات کہیں زیادہ خطرناک ہیں۔ الکا لامبا نے یہ بھی کہا کہ اروند کیجریوال نے اپنی حکومت میں ایک بھی اسپتال نہیں بنوایا اور پورے کورونا دور میں اشتہاربازی پر زور دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اروند کیجریوال دہلی کے اسپتالوں کی جگہ بنگلور کے کلینکوں کی تصویریں ٹوئٹ کر کے اپنی تشہیر کرتے رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔