طلبہ کا ذہنی تناؤ دور کرنے کے لیے ’منودرپن‘ ڈجیٹل پلیٹ فارم لانچ
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ، ڈبلیو ایچ او (عالمی ادارہ صحت) کی رپورٹ کے مطابق 10 سے 13 برس کے بچوں میں تناؤ اور ذہنی دباؤ کافی سنگین ہے۔ اسے روکنا بے حد ضروری ہے۔
نئی دہلی: ملک کے اسکول اور کالج کے طلبہ میں کورونا کے وقت میں ذہنی دباؤ اور تناؤ دور کرنے کے لیے منگل کے روز پہلی بار ’منودرپن‘ ڈجیٹل پلیٹ فارم لانچ کیا گیا۔ فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال ’نشانک‘ نے ’آتم نربھر بھارت یوجنا‘ کے تحت اس پلیٹ فارم کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لانچ کیا۔ اس میں وزیر مملکت برائے فروغ اسانی وسائل سنجے دھوترے، اسکولی تعلیم کے سکریٹری انیتا بھٹناگر اور اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری امت کھرے بھی موجود تھے۔
اس پلیٹ فارم کے تحت ہیلپ لائن شروع کی گئی ہے جس کے تحت کوئی بھی طالب علم پورے ملک میں صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک ٹیلی فون پر اپنے تناؤ اور ذہنی دباؤ سے متعلق کسی طرح کی معلومات اور صلاح حاصل کر سکتا ہے۔ اس ہیلپ لائن کا نمبر 844 840 6 32 ہے۔ اس ہیلپ لائن پر ابھی 100 کاؤنسلر رہیں گے اور دھیر دھیرے ان کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی۔ یہ پلیٹ فارم کووِڈ۔19 وبا کے ختم ہونے کے بعد بھی کام کرتا رہے گا۔
غور طلب ہے کہ فروغ انسانی وسائل کی وزارت کی جانب سے آج دیئے گئے ریپریزنٹیشن کے مطابق پورے ملک میں ہر دن کوئی نہ کوئی طالب علم ذہنی تناؤ کے سبب خود کشی کر رہا ہے۔ اس طرح ہر ماہ تقریباً 28 یا 29 طالب علم خود کشی کرتے ہیں۔ ملک میں 12 کروڑ اسکولی طلبہ ہیں۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ، ڈبلیو ایچ او (عالمی ادارہ صحت) کی رپورٹ کے مطابق 10 سے 13 برس کے بچوں میں تناؤ اور ذہنی دباؤ کافی سنگین ہے۔ اسے روکنا بے حد ضروری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔