کمبھ میلہ: کورونا وائرس جانچ اسکینڈل میں ایس آئی ٹی نے کی پہلی گرفتاری

گرفتار ملزم آشیش ’نالوا لیب‘ کے لئے کام کرتا تھا، اس نے نالوا لیب کو ٹیسٹنگ کے لئے افرادی قوت اور دیگر سامان مہیا کیا تھا، اس کے علاوہ ملزم کورونا جانچ کے ڈیٹا کی فیڈنگ کے کام کی نگرانی بھی کرتا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ہریدوار: اتراکھنڈ کے ہریدوار میں منعقدہ کمبھ میلہ 2021 میں کورونا وائرس کی جانچ کے نام پر ہونے والے گھوٹالے کی تفتیش کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے ذریعہ جمعرات کے روز پہلی گرفتاری عمل میں آئی۔ گرفتار ملزم آشیش نالوا لیب کے لئے کام کرتا تھا۔ اس نے نالوا لیب کو ٹیسٹنگ کے لئے افرادی قوت اور دیگر سامان مہیا کیا تھا۔ اس کے علاوہ ملزم کورونا جانچ کے ڈیٹا کی فیڈنگ کے کام کی نگرانی بھی کرتا تھا۔

کمبھ میلے کے دوران کورونا وائرس کی جانچ کروانے کا کام میلہ انتظامیہ نے میکس کارپوریٹ سروس کو دیا تھا۔ اس کمپنی نے مزید دو کمپنیوں نالوا لیب اور دہلی کے ڈاکٹر لال چندانی لیب کو یہ ذمہ داری دی تھی۔ دونوں کمپنیوں نے ایک لاکھ سے زیادہ کورونا جانچ کی تھی۔ اس کے بعد شکایت ملنے پر حکومت نے ہریدوار کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ہریدوار نے بھی کوتوالی سٹی میں تینوں کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ایس ایس پی ہریدوار نے تفتیش کے لئے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ ایس آئی ٹی نے تحقیقات کے بعد آج پہلی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ سی او سٹی ابھے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ گرفتار ملزم آشیش ہریانہ کا باشندہ ہے۔ جسے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔