سعودی عرب: مسجد الحرام کے اندر پہلی بار خاتون سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی
خانہ کعبہ کی نگرانی پر مامور خاتون سیکورٹی اہلکار ثمر کا کہنا ہے کہ ’’یہ ہمارے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور سب سے زیادہ رحم کرنے والے دین،ملک اور خدا کے مہمانوں کی خدمت کرنے پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔‘‘
مکہ مکرمہ: مسجد الحرام کی تاریخ میں پہلی بار خواتین سیکورٹی اہلکار مسجد کے اندر حفاظتی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ خانہ کعبہ کی حفاظت کے لئے تعینات خواتین حفاظتی اہلکار میں مونا نامی خاتون بھی شامل ہے جس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے مرحوم والد کی زندگی اور پیشے سے متاثر ہو کر اسلام کے سب سے مقدس مقامات پر کام کرنے کے لیے فوج اور سعودی خواتین فوج کے پہلے گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، جہاں وہ حج کو محفوظ بنانے میں مدد کر رہی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اپریل کے بعد سے درجنوں خواتین سیکورٹی سروسز کا حصہ بن گئی ہیں جو مکہ اور مدینہ میں حجاج کرام کی نگرانی کرتی ہیں۔خاکی وردی میں ملبوس اور اپنے بالوں کو چھپا کر رکھنے والی مونا اپنی شفٹوں کے دوران مسجد الحرام میں گشت کرتی رہتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’’یہاں مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجد میں کھڑے ہو کر میں اپنے مرحوم والد کے نقش قدم پر چل رہی ہوں، نمازیوں کی خدمت کرنا ایک بہت ہی مقدس اور باعث اعزاز کام ہے۔‘‘
بطور سپاہی خانہ کعبہ کی نگرانی کرنے والی ایک دیگر لڑکی ثمر نے کہا کہ نفسیات کی تعلیم کے بعد ان کے اہل خانہ نے فوج میں شمولیت کے لیے حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہمارے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور سب سے زیادہ رحم کرنے والے دین،ملک اور خدا کے مہمانوں کی خدمت کرنے پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سماجی و معاشی اصلاحات کا آغاز کیا تھا اور اسی سلسلے میں گزشتہ چند سالوں کے دوران شاہی ریاست میں متعدد انقلابی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں۔2030 تک سعودی عرب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ایجنڈے کے تحت ولی عہد نے خواتین پر ڈرائیونگ پابندی ختم کردی، بالغ خواتین کو سرپرستوں کی اجازت کے بغیر سفر کرنے کی اجازت دی، حج کی ادائیگی کے لیے خواتین پر عائد محرم کی پابندی ختم کردی اور انہیں خاندانی معاملات پر زیادہ کنٹرول فراہم کیا، لیکن اصلاحاتی منصوبے کے ساتھ ہی خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں سمیت سعودی حکومت سے اختلاف کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سال سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر لگاتار دوسرے محدود حج کا انتظام کیا تھا جس کے تحت بیرون ملک سے عازمین کی آمد پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور اسے صرف سعودی عرب میں موجود افراد تک محدود کردیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔