کرن بیدی کو پڈوچیری لیفٹیننٹ گورنر کے عہدہ سے ہٹانے کا اعلان!

راشٹرپتی بھون کی جانب سے منگل کی شب جاری ایک بیان میں کرن بیدی کو پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر عہدہ سے برخواست کیے جانے کی جانکاری دی گئی۔

کرن بیدی، تصویر آئی اے این ایس
کرن بیدی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

پڈوچیری میں ایک بڑی سیاسی اتھل پتھل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایک طرف جہاں کچھ کانگریس اراکین اسمبلی کے استعفیٰ سے سیاسی ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے، وہیں دوسری طرف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کرن بیدی کو پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر عہدہ سے ہٹانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ راشٹرپتی بھون کی جانب سے منگل کی شب جاری ایک بیان میں کرن بیدی کو اس عہدہ سے برخواست کیے جانے کی جانکاری دی گئی۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کرن بیدی کی جگہ تلنگانہ کے گورنر تملسائی سندر راجن کو پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ 29 مئی 2016 کو پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر بنائی گئیں کرن بیدی اور پڈوچیری حکومت کے درمیان طویل مدت سے ٹکراؤ چل رہا تھا، اور کئی بار انھیں اس عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔ بالآخر 16 فروری کو انھیں لیفٹیننٹ گورنر عہدہ سے سبکدوش کر ہی دیا گیا۔


پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ وی. نارائن سوامی نے گزشتہ 10 فروری کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو ایک عرضداشت پیش کر کے ان سے گزارش کی تھی کہ سابق آئی پی ایس افسر کو واپس بلا لیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا تھا کہ کرن بیدی پڈوچیری میں ’تغلق دربار‘ چلا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔