’کھیلا ہوبے‘ نعرہ ملک بھر میں گونج رہا، یہ جذبہ برقرار رہنا چاہیے: ممتا بنرجی
ممتا بنرجی نے سابق اداکارہ شبانہ اعظمی اور گیت کار جاوید اختر سے دہلی میں ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے ان سے’کھیلا ہوبے‘ پر ایک گانا لکھنے کی گزارش کی ہے۔
کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہر سال 16 اگست کو ’کھیلا ہوبے دیوس‘ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نعرہ آج ملک کا سب سے مقبو ل نعرہ ہے۔ پارلیمنٹ سے لے کر مختلف ریاستوں میں یہ نعرہ گونج رہا ہے۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج نیتاجی انڈور اسٹیڈیم میں ’کھیلاہوبے پروجیکٹ‘ کا افتتاح کیا۔
قابل ذکر ہے کہ بنگال اسمبلی انتخابات کے دوران ’کھیلا ہوبے‘ ترنمول کانگریس کا سیاسی نعرہ تھا۔ یہ نعرہ اسمبلی انتخابات کے دوران کافی مقبول ہوا۔ممتا بنرجی نے ’کھیلا ہوبے‘ کے نعرے کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے بغیر زندگی نہیں چلتی ہے۔ روایات، ثقافت اور اچھی صحت کھیلوں کے ذریعے ہوتی ہے۔ جاپان میں اولمپکس بھی جاری ہے۔ یہ نعرہ کھیلا ہوبے کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس نعرے کو مختلف کھیلوں اور پروگراموں کے ذریعے نافذ کرنا ہوگا۔ یہ نعرہ اتنا مشہور ہے کہ جب میں الیکشن کے دوران سیاسی جلسوں میں جاتی تھیں تو یہ نعرے گونجتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اپنی حالت زار پر اشک بار ہے مغل دور کی زینت المساجد
خیال رہے کہ ایک طرف ممتا بنرجی بنگال میں ’کھیلا ہوبے‘ کا نعرہ بلند کررہی ہیں تو دوسری طرف تریپورہ میں ابھیشک بنرجی نعرہ دے رہے تھے ’بی جے پی کا کھیل ختم‘۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ یہ نعرہ دوسری ریاستوں میں بھی گونجے گا۔بنگا ل کے لوگ کھیل سے بہت محبت کرتے ہیں، یاد رکھیں یہ بنگال کا فخر ہے۔ یہ کھیل آنے والے دنوں میں ملک بھر میں کھیلا جائے گا۔ آپ کو کھیل کو آگے لے جانا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اب سے ہر سال 16 اگست کو ’کھیلا ہوبے دیوس‘ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کھیل کے ایک واقعے میں بہت سے لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔اس واقعہ کی یاد میں پہلے کئی پروگرام ہوتے تھے۔ مگر ادھر آکر یہ سلسلہ بند ہوگیا۔ اب ہر سال 16 اگست کو یہ دن کھیلا ہوبے دیوس کے طور پر منایا جائے گا۔ یہ کھیلوں کی دنیا میں ہلچل مچا دے گا۔ میں غریب کلبوں کو 1 لاکھ گیندیں دوں گی۔ ممتا بنرجی نے سابق اداکارہ شبانہ اعظمی اور گیت کار جاوید اختر سے دہلی میں ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ میں نے ان سے کہا ہے کہ ’کھیلا ہوبے‘ پر ایک گانا لکھ دیں۔
آئی ایس ایل میں ایسٹ بنگال کی شرکت سے متعلق ممتا بنرجی نے کہا کہ کوئی فکر کرنے کی ضرور ت نہیں ہے، اس سال بھی آئی ایس ایل میں ایسٹ بنگال کھیلے گی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میں تو موہن بگان و ایسٹ بنگال کے ساتھ محمڈن اسپورٹنگ کلب کو بھی کھیلتا دیکھنا چاہتی ہوں۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرج نے دیہی علاقوں میں ہیلتھ کی خدمات کو بہتر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ دیہی علاقوں میں ماہرین ڈاکٹروں کی کمی ہوتی ہے، اس وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لئے انہوں نے ٹیلی میڈیسن پروجیکٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقے کے ڈاکٹرز فون کے ذریعہ ماہرین ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے نفاذ کی وجہ سے دور دراز دیہات کے مریضوں کو بھی مکمل طور پر مفت خدمات ملیں گی۔ ٹیلی میڈیسن پروجیکٹ کو ریاست کے دیہی علاقوں کے تمام صحت مراکز پر لاگو کیا جائے گا۔ ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ لے کر کسی بھی مریض کا علاج کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔