کیرالہ کانگریس نے الیکشن کمشنر کے نام تحریر کیا مکتوب، پنور بم دھماکہ کی سی بی آئی تفتیش کا مطالبہ
کانگریس لیڈر نے مکتوب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اس معاملہ کو بہت ہلکے میں لیا ہے، ہمیں شبہ ہے کہ ووٹنگ کے دن عوام کو ڈرانے اور کانگریس حامیوں کو نشانہ بنانے کے لیے بم کا استعمال کیا جانا تھا!
ترواننت پورم: کیرالہ میں کانگریس پارٹی نے جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے پنور میں ہوئے بم دھماکہ کی سی بی آئی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ پنور کوزیکوڈ ضلع کے وڈکارا لوک سبھا حلقہ کا حصہ ہے۔ یہ دھماکہ 5 اپریل کو ہوا تھا اور اس میں ایک شخص کی موت ہو گئی تھی، جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
کیرالہ کانگریس کے کارگزار سربراہ ایم ایم حسن نے سی ای سی کو تحریر کردہ مکتوب میں لکھا، ’’ہماری رپورٹ کے مطابق معاملہ میں چار سی پی آئی (ایم) اور ڈی وائی ایف آئی کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے اور دھماکہ کے بعد سی پی آئی (ایم) کے ایک کارکن کی موت ہو گئی۔ اس کے بعد سیاسی تشدد پھوٹ پڑا جو براہ راست طور پر دھماکہ سے وابستہ ہے۔‘‘
کانگریس لیڈر نے خط میں کہا، ’’وزیر اعلیٰ نے اس معاملہ کو بہت ہلکے میں لیا ہے۔ سی پی آئی (ایم) کی جانب سے دعووں کی تردید کرتے ہوئے پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ بم لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بنائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں شبہ ہے کہ ووٹنگ کے دن عوام کو ڈرانے اور کانگریس حامیوں کو نشانہ بنانے کے لیے بم کا استعمال کیا جانا تھا!‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کی تفتیش کسی مرکزی ایجنسی، خاص طور پر سی بی آئی سے کرائی جانی چاہئے۔‘‘ اس سے پہلے سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری ایم وی گووندن نے کہا تھا کہ پارٹی اور اس کے حامیوں کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے اور ڈی وائی ایف آئی (پارٹی کی نوجوان شاخ) سی پی آئی (ایم) سے وابستہ تنظیم نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔